’وہ ٹیسٹ جس نے مجھے بتایا کہ میری زندگی میں مزید کتنے سال باقی ہیں‘

’مجھے امید ہے کہ میں اس دنیا میں چند اور خوبصورت برس گزار سکوں گی، شیمپین پیتے ہوئے اور اوئیسٹرز کھاتے ہوئے، جو میری دو پسندیدہ چیزیں ہیں۔‘
A close-up portrait of Laura standing outdoors on a beach, wearing a light-coloured shirt and small hoop earrings. The sea and blue sky form a softly blurred background.
Katie Doy
لارا سائیڈز کو اس بات کا فیصلہ کرنا تھا کہ آیا وہ یہ جاننے کے لیے ٹیسٹ کروائیں کہ کہیں انھیں اپنے والد کی بیماری ورثے میں تو نہیں ملی

اگر آپ یہ جان سکتے ہوں کہ آیا آپ میں ایسا ایک جین موجود ہے جو آپ کی زندگی مختصر کر سکتا ہے، تو کیا آپ ایک ٹیسٹ کی مدد سے یہ جاننا چاہیں گے؟

لارا سائیڈز کو بھی ایسے ہی ایک مشکل فیصلے کا سامنا تھا۔ انھیں ابتدائی عمر میں لاحق ہونے والی ڈیمنشیا کی اس نایاب قسم کی معلومات کے لیے ٹیسٹ کی پیشکش کی گئی۔ اس کی تشخیص اس سے قبل اُن کے والد میں بھی اُس وقت ہوئی تھی جب وہ 40 برس کے تھے۔

لارا نے بی بی سی ریڈیو فور کی پوڈکاسٹ ’لائف چینجنگ‘ کی میزبان ڈاکٹر سیان ولیمز سے اس بارے میں بات کی کہ انھوں نے یہ ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیوں کیا، اور اس فیصلے نے ان کی باقی زندگی کو کس طرح متاثر کیا۔

لارا کہتی ہیں کہ بچپن میں وہ ہمیشہ اپنے والد کے بہت قریب رہی تھیں کیونکہ دونوں باپ، بیٹی کی طبیعت ایک جیسی تھی۔

اُن کے والد ایک جنرل پریکٹشنر (ڈاکٹر) تھے اور اُن کے بقول وہ انتہائی محبت کرنے والے اور شفیق والد تھے۔ جب اُن (والد) میں الزائمر کی علامات زیادہ شدید ہونے لگیں تو لارا نے اُن کی دیکھ بھال کے لیے اپنی یونیورسٹی تک چھوڑ دی تھی۔

وہ کہتی ہیں کہ ’ہم نے واقعی بہت اچھا وقت ساتھ گزارا تھا۔‘

لارا نے اُس دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں اپنے والد کو نہلاتی اور گرم پانی آہستہ آہستہ اُن کے سر پر ڈالتی تھی۔۔۔ اور یہ انھیں بہت اچھا لگتا تھا۔‘

An indoor photograph showing Laura and her dad seated side by side. Laura is wearing a dark long-sleeved top, while her dad is wearing glasses and a patterned knit sweater over a collared shirt. The room contains wooden furniture, framed photographs, and bookshelves filled with books and decorative items. Family photographs and ornaments are displayed on shelves and surfaces in the background, creating a homely setting.
Laura Sides
لارا نے اپنے والد کی دیکھ بھال کے لیے یونیورسٹی چھوڑ دی تھی

یہ اُس وقت کی بات ہے جب وہ اپنے والد کو معائنے کے لیے ہسپتال میں لے گئیں جہاں موجود ایک ڈاکٹر نے لارا کو بتایا کہ اُن کو بھی اپنے والد سے ابتدائی عمر میں لاحق ہونے والی الزائمر کی قسم (لندن ویریئنٹ)، ورثے میں ملنے اور اس بیماری میں مبتلا ہونے کا 50 فیصد امکان ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میرے ذہن میں بس یہی بات آئی کہ یہ تو سِکّہ اچھالنے جیسی بات ہے۔‘

’میں اس وقت اپنے والد کو درپیش صورتحال کے باعث بُری طرح الجھی ہوئی تھی۔ اور میں نے ڈاکٹر کی اِس بات کو اپنے دل و دماغ میں بہت گہرائی میں دبا دیا۔‘

لارا کے والد بلآخر سنہ 2009 میں وفات پا گئے۔ والد کی وفات سے محض ایک سال قبل لارا کی والدہ بھی فوت ہوئیں۔

لارا کہتی ہیں کہ والدہ اور پھر والد کی وفات کے بعد انھیں کہیں دور چلے جانے کی خواہش محسوس ہوئی۔

چنانچہ انھوں نے اکیلے دنیا بھر کی سیر کرنے کے اپنے سفر کا آغاز کیا، اور بالآخر آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جا کر رہائش اختیار کر لی۔

وہ کہتی ہیں کہ یہیں آ کر انھیں اپنے والد کی بیماری ورثے میں ملنے کے بارے میں خیالات آہستہ آہستہ ستانے لگے اور سنہ 2013 میں انھوں نے ایک طبی ماہر سے اس بارے میں مشورہ کیا۔

اس نے انھیں بتایا کہ ایک ٹیسٹ کے ذریعے 99.999 فیصد یقین کے ساتھ یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آیا انھیں ابتدائی عمر میں لاحق ہونے والی ڈیمنشیا ورثے میں ملے گی یا نہیں۔

ان کے بقول، اگر لارا میں یہ جین موجود ہوا تو اُن کی صحت میں تنزلی متوقع طور پر 46 سے 48 سال کی عمر کے درمیان شروع ہو سکتی ہے۔

لارا کہتی ہیں کہ ’میں نے بس یہی سوچا کہ میں ابھی اس مرحلے پر نہیں پہنچی۔ اور یہ کہ میں یہ جاننا نہیں چاہتی تھی کہ آیا یہ جین مجھے ورثے میں ملی ہے یا نہیں۔‘

Laura is pictured wearing dark sunglasses and a dark cover-up. Her hair is windswept. She is on a sandy beach beside the sea in warm sunlight.
Laura Sides
لارا کہتی ہیں کہ 'مجھے امید ہے کہ میں اس دنیا میں چند اور خوبصورت برس گزار سکوں گی‘

جب لارا 30 برس کی دہائی میں داخل ہوئیں تو وہ اس ٹیسٹ کے بارے میں پہلے سے زیادہ سوچنے لگیں اور آخر کار انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس کا نتیجہ جاننا چاہتی ہیں۔ تاہم اس سے پہلے انھیں چھ ماہ تک مشاورتی عمل سے گزرنا پڑا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’زندگی میں بہت کم ایسے مواقع آتے ہیں جب آپ کو اپنی قسمت کے بارے میں پہلے سے معلوم ہو جائے، اور ایسی معلومات کو قبول کرنا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔‘

ٹیسٹ کے نتائج آنے میں چھ ہفتے لگے اور پھر آخرکار وہ دن آ ہی گیا۔

لارا کے مطابق وہ بہت زیادہ گھبرائی ہوئی تھیں۔ بعد میں انھوں نے ایک دوست کے ساتھ دوپہر کے کھانے کا پروگرام بنا رکھا تھا، لیکن وہ ٹیسٹ کا نتیجہ جاننے کے لیے اکیلی گئیں۔

وہ بتاتی ہیں کہ ’میں نے کہا گیا کہ آئیے، ٹیسٹ کے نتائج پر بات کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ’ہمیں افسوس ہے، خبر اچھی نہیں ہے، اور آپ کو یہ جین ورثے میں ملا ہے۔‘

لارا کو یاد ہے کہ ’جیسے ہر طرف ایک دھندلا پن چھا گیا اور میں بس وہاں بیٹھی کی بیٹھی رہ گئی تھی۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’میں اس کمرے سے باہر نکلی تو یہ اطلاع سُن کر میری دوست بھی بے اختیار پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔‘

لیکن لارا نے اس موقع پر کوئی خاص ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ان کے مطابق ’ہم دوپہر کا کھانا کھانے گئے اور وقت اچھا گزرا۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ شاید اس وقت تک یہ بات میرے دل و دماغ میں پوری طرح اتری ہی نہیں تھی۔‘

لیکن بعد میں حقیقت کا احساس شدت سے ہوا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’میں غصے میں تھی۔ مجھے لگا یہ بہت ناانصافی ہے۔ میں اس بات پر الجھن کا شکار تھی کہ اب مجھے اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے۔ آپ یہ جاننے کے بعد کس طرح جی سکتے ہیں؟‘

لارا کو محسوس ہونے لگا کہ اس موقع پر اُن میں اپنے آبائی ملک برطانیہ واپس جانے کی خواہش بیدار ہو رہی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ان کی بہن ماں بننے والی تھیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’یہ بات سمجھ میں نہیں آتی تھی کہ جب وہ ایک بچے کی ماں بننے والی ہے تو میں دنیا کے دوسرے کنارے پر رہوں۔‘

تاہم، ان کے دنیا بھر کے سفر جاری رہے کیونکہ انھوں نے اپنی تشخیص سے پہلے اور بعد میں مختلف طبی آزمائشی پروگراموں میں حصہ لیا۔

وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے محسوس ہوا کہ اتنی منفی صورتحال میں کسی مثبت کام کا حصہ بننا بہت حوصلہ افزا بات تھی۔‘

لارا اب 43 سال کی ہیں، یعنی اس عمر سے صرف تین سال دور جس کے بارے میں ڈاکٹروں نے پیش گوئی کی تھی کہ انھیں بیماری کی علامات محسوس ہونا شروع ہو سکتی ہیں۔

Three people pose together in a bright indoor space. The person in the centre stands slightly forward, with one person positioned to the left and another, Laura, is on the right. All three are wearing white tops and brown aprons, with dried flowers hanging on a wall-mounted grid behind them.
Laura Sides
لارا (دائیں جانب) ایک شیف ہیں اور اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر ایک کیفے، ریستوران اور کیٹرنگ کا کاروبار چلاتی ہیں

وہ کہتی ہیں کہ ’میں مسلسل انتظار کرتی رہتی ہوں کہ شاید کبھی اچانک مجھے اس حقیقت کا پورا احساس ہو۔ میرا خیال ہے کہ ایک دن میری حالت بگڑنا شروع ہو جائے گی، لیکن یہ ایسی بات نہیں جو راتوں کو مجھے جاگنے پر مجبور کرے۔‘

وہ اپنی زندگی میں موجود لوگوں کے لیے شکر گزار ہیں اور خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’کیا میں انھیں یہ بات بتاؤں؟ یا نہ بتاؤں؟ اور اگر بتاؤں تو کب بتاؤں؟ اور اکثر ایسا ہی ہوا ہے کہ جب میں نے انھیں یہ بات بتائی، تو تعلق ختم ہو گیا۔‘

تاہم ان کا کہنا ہے کہ بعد میں ’یہ ثابت ہوا کہ میرا خیال غلط تھا۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے یہ احساس دلایا گیا ہے کہ اس کے باوجود بھی مجھ سے محبت کی جا سکتی ہے۔ یہ بات میرے دل کو اطمینان اور خوشی سے بھر دیتی ہے۔‘

Laura, wearing a bright red swimsuit, stands on a small wooden platform at the edge of a natural-looking swimming pond, with both arms raised above the head in a diving posture.
Laura Sides
لارا کو سوئمنگ بہت پسند ہے

لارا کہتی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے یہ سمجھتی رہی تھیں کہ ایک دن وہ بھی ماں بنیں گی۔

وہ کہتی ہیں کہ ’یہ اُن چند چیزوں میں سے ایک تھی جس کے بارے میں میں نے کبھی سوال نہیں اٹھایا تھا کہ میں اس میں اچھی ثابت ہوں گی اور یہ وہ کام تھا جو میں کرنا چاہتی تھی۔ یہ بہت مشکل بات ہے۔۔۔ لیکن ایسا کرنا (ماں بننا) درست معلوم نہیں ہوتا۔ یہ منصفانہ نہیں ہو گا۔‘

لارا کے لیے اب زندگی اُن چیزوں پر توجہ دینے کا نام ہے جو اُنھیں خوشی دیتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’بات بڑی بڑی خواہشات کی نہیں ہے۔ میں اب اپنا وقت اُن لوگوں کے ساتھ گزارنا چاہتی ہوں جن سے میں محبت کرتی ہوں اور جو مجھے تحفظ کا احساس دیتے ہیں۔

’مجھے فطرت سے محبت ہے۔ مجھے باہر وقت گزارنا پسند ہے۔ مجھے پانی میں ڈوبے رہنا بے حد اچھا لگتا ہے۔ یہ بات شاید بہت گھسی پٹی لگے، لیکن میرا واقعی یہ ماننا ہے کہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی چیزیں ہی دراصل بڑی چیزیں ہوتی ہیں۔‘

ان کے مطابق ’مجھے امید ہے کہ میں اس دنیا میں چند اور خوبصورت برس گزار سکوں گی، شیمپین پیتے ہوئے اور اوئیسٹرز کھاتے ہوئے، جو میری دو پسندیدہ چیزیں ہیں۔‘

اگر آپ یا آپ کے جاننے والوں میں سے کوئی ڈیمنشیا سے متاثر ہے تو آپ بی بی سی ایکشن لائن سے مدد اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US