ایڈمرل چودھری کو اس لیے استعفی دینا پڑا کیونکہ انھوں نے ’جنرل ایوب خان کی جانب سے بحریہ کی توسیع میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں کی مخالفت کی تھی۔‘
پاکستان بحریہ کے پہلے مقامی سربراہ حاجی محمد صدیق چودھرییہ 1950 کی دہائی کی بات ہے جب پاکستان کی بحریہ کے پہلے مقامی سربراہ ایڈمرل ایچ ایم ایس چودھری امریکہ کے دورے پر تھے۔
اپنے دورے کے دوران ایڈمرل چودھری نے پروفیسر پیٹر کارٹر سپیئرز سے ملنے کی درخواست کی تھی۔ اور اسی درخواست پر جب پروفیسر پیٹر کارٹر سپیئرز اُن سے ملنے سرکاری مہمان خانے ’بلیئر ہاؤس‘ میں پہنچے تو ایڈمرل چودھری امریکی وزیر خارجہ ڈین ایچیسن سے گفتگو میں مصروف تھے۔
پروفیسر سپیئرز کو دیکھتے ہی ایڈمرل چودھری تیزی سے اُن کی طرف بڑھے، اُن سے تقریباً ایک گز کے فاصلے پر اچانک گھٹنوں کے بل جھک گئے اور اپنا ماتھا لگ بھگ اُن کے جوتوں کی نوک سے چھو دیا۔
یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود امریکی وزیر خارجہ ڈین ایچیسن کا منھ حیرت سے کھلے کا کھلا رہ گیا۔
اس کے بعد اوپر اٹھ کر ایڈمرل چودھری نے پروفیسر سپیئرز سے مصافحہ کیا اور دونوں کے درمیان حال احوال کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
مگر اس دوران امریکی وزیر خارجہ تجسس سے بے حال ہو رہے تھے اور بلآخر انھوں نے پوچھا ’آخر یہ سب کیا تھا؟‘
پروفیسر سپیئرز نے جواب دیا کہ ’میں اُن کا استاد تھا۔‘
پروفیسر سپیئرز سے سُنا یہ واقعہ، جُو کیمبل نے تدریس کے پیشے پر فخر اور اس کے احترام کے ضمن میں ’دی کرسچن سائنس مانیٹر‘ کے لیے لکھے اپنے ایک مضمون میں بیان کیا ہے۔
پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ پروفیسر سپیئرز لاہور میں فارمین کرسچن (ایف سی) کالج کے شعبۂ کیمیا میں ایڈمرل چودھری کے استاد رہ چکے تھے۔
سنہ 1953 میں امریکہ واپس جانے کے بعد جب پروفیسر سپیئرز کی ایڈمرل چودھری سے ملاقات ہوئی تو وہ (سپیئرز) واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں شعبۂ اطلاعات کے افسر تھے جہاں وہ سنہ 1962 میں اپنی وفات تک خدمات انجام دیتے رہے۔
مشرقی پنجاب کے شہر بٹالہ کے زمین دار مہر میراں بخش اور ان کی دوسری بیوی اللہ رکھی کے ہاں 10 مئی 1911 کو پیدا ہونے والے سب سے چھوٹے بیٹے، محمد صدیق چودھری نے اوائل عمری ہی میں حج کیا تو حاجی اُن کے نام کا باقاعدہ حصہ بن گیا۔
لاہور کے ایف سی کالج سے انڈسٹریل کیمسٹری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھوں نے اپنے بڑے بھائی سی ایم لطیف کے ساتھ مل کر سنہ 1930 میں ’وینس برادرز‘ کے نام سے صابن بنانے کا کارخانہ قائم کیا۔ اُن کے کارخانے کا بنا ’باس صابن‘ خاص طور پر مقبول ہوا۔
بعدازاں اُن کے بڑے بھائی ہی نے انھیں رائل انڈین میرینز میں ملازمت کا مشورہ دیا۔ داخلے کے امتحان میں ایک بار ناکامی کے بعد خاندان کے ایک دوست کے اصرار پر انھوں نے دوسری بار امتحان دیا اور کامیاب ہو گئے۔
برطانوی ہندوستانی حکومت نے انھیں تربیت کے لیے انگلینڈ بھیجنے کی پیشکش کی، تاہم شرط یہ تھی کہ اس کے اخراجات کا نصف انھیں خود برداشت کرنا ہو گا، چنانچہ یہ اخراجات اُن کے بڑے بھائی نے اپنے ذمے لے لیے۔
سنہ 1933 میں برطانیہ رائل نیول کالج سے تربیت مکمل کر کے ہندوستان واپسی پر حاجی محمد صدیق چودھری رائل انڈین نیوی میں ایگزیکٹیو کمیشن حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی افسر بنے۔
انھیں بحری بیڑے کے جدید جنگی جہازوں میں سے ایک ’ایچ ایم آئی ایس ہندوستان‘ پر تعینات کیا گیا۔
بارودی سرنگ کا دھماکہ، ڈوبتا جہاز اور ایک گھنٹے پر محیط زندگی کی جنگ
مستقبل کے بحریہ کے سربراہ حاجی محمد صدیق چودھری کو پاکستانی پانیوں پر حکمرانی سے پہلے بیرونی پانیوں میں ایک ایسے امتحان سے گزرنا تھا جس میں اُن کی جان بھی جا سکتی تھی۔
لیفٹیننٹ ڈی جے ای کولنز نے اپنی کتاب ’دی رائل انڈین نیوی، 1939 ٹو 1945‘ میں لکھا ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران 15ویں پنجاب رجمنٹ، مارچ 1941 میں اٹلی کی سرزمین پر اترنے والا پہلا فوجی یونٹ تھا۔
اسے معاون بارودی سرنگ شکن جہاز ’ایچ ایم آئی ایس پاروتی‘ کے ذریعے وہاں پہنچایا گیا تھا، جس کی کمان لیفٹیننٹ حاجی محمد صدیق چودھری کے پاس تھی۔
30 اپریل 1941 کو ریڈ سی (بحیرۂ احمر) میں اٹلی کے زیرِ قبضہ بندرگاہ ’عصب‘ کے قریب ایک کارروائی کے دوران ’پاروتی‘ کو بندرگاہ کے نزدیک ممکنہ بارودی سرنگوں کے پیش نظر علاقے میں گشت کا حکم دیا گیا۔
اسی روز برطانوی بحری جہاز ’ایچ ایم ایس سیریز‘ وہاں پہنچا اور پاروتی اور موٹر لانچ ’یوریکا‘ کو اپنے ساتھ ایک جاسوسی مشن میں معاونت کی ہدایت کی۔
لیفٹیننٹ ڈی جے ای کولنز کے مطابق ’سیریز‘ کے پیچھے چلتے ہوئے ’پاروتی‘ نے پانی میں تیرتی ایک بارودی سرنگ دیکھی اور اس سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا، لیکن کچھ ہی دیر بعد وہ ایک دوسری، نظر نہ آنے والی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ زوردار دھماکے سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا اگلا حصہ تیزی سے پانی میں ڈوبنے لگا۔
چودھری نے فوری طور پر جہاز خالی کرنے کا حکم دیا، تاہم خود عملے کے انخلا کی نگرانی کے لیے جہاز پر موجود رہے۔
کولنز نے لکھا ہے ’نچلے پل پر نصب لکڑی کا بالائی حصہ دھماکے سے اڑ گیا اور کمانڈنگ آفیسر نیچے ڈیک پر جا گرے۔ انھیں فوراً احساس ہو گیا کہ جہاز کسی بحری سرنگ سے ٹکرا گیا ہے۔ وہ اٹھے تو دیکھا کہ جہاز کا اگلا حصہ تیزی سے ڈوب رہا تھا۔ انھوں نے انجن بند کرنے کا حکم دیا اور زبانی طور پر اور جہاز کا سائرن بجا کر عملے کو جہاز چھوڑنے کا حکم دے دیا۔‘
’وہ مڑے تاکہ قریب ہی رکھی اپنی لائف جیکٹ اٹھا سکیں، لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھی۔ غالباً دھماکے کی شدت سے اچھل کر کہیں جا گری تھی۔ اس وقت اوپری ڈیک تقریباً سطح سمندر تک پہنچ چکا تھا اور جہاز دائیں جانب جھکنے لگا تھا۔‘
1951 میں ٹریننگ لیتے ہوئے پاکستانی بحریہ کے افسران کی تصویرلیفٹیننٹ ڈی جے ای کولنز نے لکھا کہ ’انھوں نے کشتیوں والے ڈیک کی طرف دیکھا تو جہاز کا عملہ جہاز چھوڑنے کے مقررہ مقامات پر جمع تھا اور کشتیاں سمندر میں اتارنے کی تیاری کر رہا تھا۔‘
’انھوں نے بلند آواز میں حکم دیا: ’کشتیاں اتارو، بیڑے باہر نکالو۔‘ پھر قریب پڑے ایلڈس سگنل لیمپ سے تین مرتبہ کا اشارہ ’ایچ ایم ایس سیریز‘ کو بھیجا۔ جہاز بری طرح دائیں جانب جھک گیا تھا جس سے کشتیاں اتارنے میں شدید دشواری پیش آ رہی تھی۔ اس پر چودھری نے حکم دیا کہ اب بیڑوں کو استعمال کیا جائے۔‘
’زیادہ تر ملاح جہاز سے چھلانگ لگا چکے تھے۔ چودھری نے دیکھا کہ مرکزی مستول کا بالائی سرا تیزی سے ان کی طرف گر رہا ہے۔ مستول کا سرا ان کے بالکل قریب پہنچ چکا تھا کہ پانی کے تیز بہاؤ نے انھیں اپنے ساتھ کھینچ لیا اور وہ تقریباً 40 فٹ گہرائی تک سمندر میں جا پہنچے۔‘
’بمشکل جب وہ دوبارہ سطح آب پر آئے تو انھیں جہاز کا کوئی حصہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ صرف لکڑی کے چند ٹکڑے اور کچھ فاصلے پر بیڑوں پر سوار چند ملاح نظر آ رہے تھے۔ پانی کے بہاؤ نے انھیں دو مرتبہ پھر نیچے کھینچا، تاہم اس بار وہ پہلی مرتبہ جتنی گہرائی میں نہیں گئے۔ تیسری مرتبہ پانی کی سطح پر آنے کے بعد انھیں اپنے قریب لکڑی کا ایک صندوق دکھائی دیا۔ انھوں نے اسے پکڑ لیا اور تقریباً سوا گھنٹے تک اسی کے سہارے تیرتے رہے۔ بالآخر موٹر لانچ ’یوریکا‘ نے انھیں سمندر سے نکال لیا۔‘
بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے تقریباً ڈیڑھ منٹ کے اندر ’پاروتی‘ سمندر میں ڈوب گیا۔ اس حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 21 افراد زندہ بچ گئے۔
سنہ 1942 میں حاجی محمد صدیق (ایچ ایم ایس) چودھری نے برطانیہ سے تارپیڈو (آبدوز شکن یا بحری تارپیڈو) شعبے میں تربیت مکمل کی اور مارچ 1944 میں چودھری کو بارودی سرنگیں صاف کرنے والے بحری جہاز ’ایچ ایم آئی ایس روہیل کھنڈ‘ اور سنہ 1945 میں نسبتاً نئے جنگی جہاز ’ایچ ایم آئی ایس گوداوری‘ کی کمان سونپی گئی۔
اسی سال برطانوی بادشاہ کی سالگرہ کے اعزازات کی فہرست میں انھیں ’آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘ کے ملٹری ڈویژن کا اضافی رکن مقرر کیا گیا اور ’ایم بی ای‘ کا اعزاز دیا گیا۔
اکتوبر 1945 میں انھیں ترقی دے کر کموڈور بنا دیا گیا۔
13 نومبر 1946 کو انھیں ایک ایسی کمیٹی میں شامل کیا گیا جس کا کام حکومتِ ہند کو دفاعی خدمات کو قومیانے کے بارے میں مشورہ دینا تھا۔
برطانوی ہندوستان کی تقسیم کے وقت کیپٹن چودھری ان چار افسروں میں شامل تھے، جنھیں رائل انڈین نیوی کے اثاثے مجوزہ نئی ریاستوں، انڈیا اور پاکستان، کے درمیان تقسیم کی ذمہ دار ذیلی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا۔
اگست 1947 میں برطانوی ہندوستان کی تقسیم کے بعد کیپٹن چودھری نے رائل پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کر لی اور وائس ایڈمرل جیفورڈ کے ماتحت چیف آف سٹاف مقرر ہوئے۔
سنہ 1948 میں چودھری ترقی پاکر کموڈور کے عہدے پر فائز ہونے والے پاکستان کے پہلے بحری افسر بنے۔
حاجی محمد صدیق چودھری سابق ملکہ برطانیہ الزبتھ کو سلیوٹ کرتے ہوئےپاکستان بحریہ کے پہلے مقامی سربراہ
31 جنوری 1953 کو رئیر ایڈمرل چودھری نے وائس ایڈمرل جیفورڈ سے رائل پاکستان نیوی کے کمانڈر اِن چیف کا عہدہ سنبھال لیا۔ وہ پاکستان بحریہ کے پہلے مقامی اور مجموعی طور پر دوسرے سربراہ تھے۔
فروری 1956 میں امریکی اخبار ایتھنز بینر ہیرالڈ نے ان کا تذکرہ ’ایچ ایم ایس پی چودھری‘ کے نام سے کیا۔
اخبار کے مطابق برطانوی بحریہ کی درخواست پر چودھری کے نام کے ساتھ حرف ’پی‘ کا اضافہ کیا گیا تھا، کیونکہ ’ایچ ایم ایس چودھری‘ کے نام سے بھیجے جانے والے پیغامات اکثر برطانوی بحری جنگی جہاز ’ایچ ایم ایس شاڈیئر‘ کے ساتھ خلط ملط ہو جاتے تھے۔
ایڈمرل چودھری کے ایک ساتھی کا حوالہ روزنامہ ’ڈان‘ میں ایک مضمون میں دیا گیا، جنھوں نے بتایا کہ جب ایڈمرل چودھری کو برطانیہ کے شہر پورٹس ماؤتھ میں قائم بحریہ کے ایک ادارے کا دورہ کرنا تھا تو کراچی سے وہاں انگریزی زبان میں ایک مختصر سا ٹیلیکس پیغام بھیجا گیا، جس میں لکھا تھا: ’ایچ ایم ایس چودھری کل پورٹس ماؤتھ پہنچ رہے ہیں۔‘
جواب میں وہاں سے پوچھا گیا ’براہِ کرم اس کے حجم اور وزن (ٹنیج) کی تفصیلات بھی بتا دیجیے۔‘
وجہ یہ تھی کہ پیغام میں ایڈمرل چودھری کا نام بحری جہاز کے نام کی طرح لکھا گیا تھا۔ برطانوی حکام نے اسے کسی جہاز کی آمد کا اطلاع نامہ سمجھ لیا اور اس کے حجم اور وزن کی تفصیلات طلب کر لیں۔
یہ لفظ پڑھا تو ’شاڈیئر‘ جاتا لیکن اس کے ہجے ’چودھری‘ سے ملتے جلتے تھے۔ یہ الجھن بالخصوص اس وقت پیدا ہوتی جب چودھری بحیرۂ روم میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہوتے۔

بحریہ کی وسعت
پاکستان بحریہ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے دور میں وائس ایڈمرل چودھری نے بحریہ کو وسعت دی، اسے جدید خطوط پر استوار کیا اور کئی شعبوں میں خود کفالت کی بنیاد رکھی۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے ڈاک یارڈ، گودیاں اور تربیتی ادارے قائم کیے۔
ان کا یہ بھی خیال تھا کہ ’مشرقی پاکستان کا دفاع سمندر ہی کے ذریعے ممکن بنایا جانا چاہیے۔‘
چودھری کی سربراہی میں ایک بحری کمیٹی نے اکتوبر 1959 میں پاکستان کی عالمی تجارت میں حصہ داری بڑھانے کے لیے قومی سطح پر بحری جہاز رانی کا ایک ادارہ قائم کرنے کی سفارش کی۔
کمیٹی نے تجویز دی کہ ملک کے موجودہ جہاز مالکان باہمی تعاون سے اپنے ساحلی بیڑے کے موزوں اور قابلِ استعمال جہاز بیرونِ ملک تجارتی راستوں پر چلانے کے لیے مختص کریں۔
ان سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ’پاکستان شپنگ لائن لمیٹڈ‘ قائم کی گئی، جو پاکستان کی چھ بحری جہاز رانی کمپنیوں کا مشترکہ ادارہ تھا۔
نئی کمپنی نے پاکستان کو برطانیہ اور براعظم یورپ سے ملانے والے بحری راستوں پر چھ جہاز چلانے کا منصوبہ بھی بنایا اور غیر ملکی بندرگاہوں پر جہاز لنگرانداز کرنے کی اجازت کے لیے درخواستیں دے دی تھیں۔
ایوب خان کے ساتھ بحری دفاع کی ترجیحات پر اختلاف
ایم ایچ عسکری اپنے ایک مضمون ’لیگنگ بیہائنڈ ان دی میری ٹائم سفیئر‘ میں مصنف اور بیوروکریٹ الطاف گوہر کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ 13 جولائی 1958 کو چیفس آف سٹاف کی ایک مشترکہ میٹنگ میں ایڈمرل چودھری اور جنرل ایوب خان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
جیمز گولڈرِک نے اپنی کتاب ’نو ایزی آنسرز: دی ڈویلپمنٹ آف دی نیویز آف انڈیا، پاکستان، بنگلا دیش اینڈ سری لنکا‘ میں لکھا ہے کہ صدر ایوب خان سے ایک ’تلخ ملاقات‘ کے بعد چودھری نے 26 جنوری 1959 کو پاکستان بحریہ کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
’انھوں نے اپنے استعفے میں حکومت کے ان فیصلوں کو وجہ قرار دیا جو اُن کے بقول بحریہ کی موجودہ اور مستقبل کی ساخت اور حجم کے بارے میں ان کے مسلسل پیش کردہ تکنیکی مشوروں سے اختلاف کرتے ہوئے کیے گئے تھے۔‘
ایم ایچ عسکری کے مضمون پر نو مارچ 2004 کو ڈان کے مدیر کے نام اپنے خط میں ریٹائرڈ رئیر ایڈمرل خالد واسع نے لکھا کہ ایڈمرل چودھری کو اس لیے استعفی دینا پڑا کیونکہ انھوں نے جنرل ایوب خان کی جانب سے بحریہ کی توسیع میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں کی مخالفت کی تھی۔

واسع نے لکھا کہ محمد علی جناح نے بھی پاکستان کے لیے ایک مضبوط بحریہ کا تصور پیش کیا تھا۔ ’جب برصغیر کی تقسیم کے خدوخال طے کیے جا رہے تھے تو مسٹر جناح نے خلیج بنگال میں واقع جزائر انڈمان اور نکوبار کو پاکستان میں شامل کرانے کی سنجیدہ کوششیں کی تھیں۔‘
’تقسیم سے پہلے ہی انھوں نے پاکستان کے لیے بحریہ کی اہمیت اور ان جزیروں کو ملک کے دونوں بازوؤں کے درمیان رابطے کے ذریعے کے طور پر دیکھا تھا۔ بدقسمتی سے جنرل ایوب نہ تو پاکستان کی بحری ضروریات کو سمجھ سکے اور نہ ہی بحریہ کی اہمیت کو۔ وہ سمندری معاملات سے یکسر نابلد تھے۔‘
واسع نے لکھا کہ وائس ایڈمرل چودھری اور جنرل ایوب خان کے درمیان اختلافات کا ایک طویل پس منظر تھا۔
’ان اختلافات کا آغاز اُس وقت سے ہوا جب بحریہ کے سربراہ کی حیثیت سے، جو اس وقت تینوں مسلح افواج میں سینیئر سروس تھی، چودھری نے اصرار کیا کہ تینوں افواج کے سربراہوں کے درمیان سرکاری تقریبات اور پروٹوکول میں ان کی سینیارٹی تسلیم کی جائے۔‘
’جنرل ایوب نے آرمی کمانڈر کی حیثیت سے مسلح افواج کا سپریم کمانڈر بننے کی کوشش کی، لیکن ایڈمرل نے ان کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ جنرل بحریہ کے لیے ایک کروزر حاصل کرنے کے منصوبے کے بھی مسلسل مخالف رہے۔‘
واسع کے مطابق دونوں ایک ہی کشتی میں سوار نہیں رہ سکتے تھے۔
’ایک طرف ایڈمرل چودھری ایک پیشہ ور بحری افسر تھے، جنھوں نے خود کو مکمل طور پر نئی قائم ہونے والی بحریہ کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کر رکھا تھا، تو دوسری طرف جنرل ایک شاطرانہ انداز میں معاملات چلانے والے شخص تھے، جن کے لیے اقتدار بذاتِ خود ایک مقصد بن چکا تھا۔ ایڈمرل نے بالآخر دل برداشتہ ہو کر استعفی دے دیا۔‘
ایم ایچ عسکری کے مطابق اختلاف کی ایک اور وجہ چودھری کا یہ خدشہ تھا کہ اگر انڈیا پاکستان کی سمندری تجارتی گزرگاہوں کی ناکہ بندی کر دے، جس کے لیے باقاعدہ اعلانِ جنگ بھی ضروری نہیں تھا، تو پاکستان کی بری فوج اور فضائیہ چند ہفتوں میں غیر مؤثر ہو سکتی ہیں، کیونکہ ان کا انحصار بیرونِ ملک سے آنے والی رسد پر تھا۔
ایم ایچ عسکری نے اپنے مضمون میں یہ بھی لکھا کہ چودھری مشرقی پاکستان میں ایک موزوں بحری اڈے کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے رہے، لیکن انھیں اس معاملے میں بھی حکومت کی حمایت حاصل نہ ہوئی۔
ایڈمرل افتخار احمد سِروہی نے بھی اپنی خود نوشت ’ٹرتھ نیور ریٹائرز‘ میں یہی بات لکھی ہے۔
الوداعی تقریب پر تنازع
وائس ایڈمرل اقبال ایف قادری کے مطابق، ایڈمرل چودھری کی رخصتی خاموشی سے اور کسی الوداعی تقریب کے بغیر ہونے والی تھی۔
اپنی تحریر ’ریممبرنگ دی ٹو پائنیرنگ انڈسٹریلسٹس آف پاکستان‘ میں وہ لکھتے ہیں کہ چودھری کی ریٹائرمنٹ اور کموڈور افضل رحمان خان کی جانشینی کے اعلان کے بعد انھوں نے کموڈور خان سے دریافت کیا کہ سبکدوش ہونے والے بحری سربراہ کے اعزاز میں کیا تقریبات منعقد کی جائیں گی؟
اقبال ایف قادری کے مطابق انھیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ نہ کوئی الوداعی تقریب ہو گی اور نہ چودھری کو بحریہ کے سینیئر افسروں سے ملاقات کا موقع دیا جائے گا۔ ’کموڈور افضل رحمان خان کا کہنا تھا کہ وہ صرف زبانی احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔‘
اقبال قادری نے اسے ناانصافی سمجھتے ہوئے ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (پرسنیل) کیپٹن ایس ایم احسن سے رابطہ کیا اور معاملہ کموڈور خان کے ذریعے صدر ایوب خان تک پہنچانے پر زور دیا۔ بالآخر کموڈور خان نے صدر سے بات کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور چند روز بعد بتایا کہ ایوب خان نے ایڈمرل چودھری کے لیے کم سے کم سطح کی الوداعی تقریبات کی منظوری دے دی ہے۔
اقبال قادری کے نزدیک یہ ان کی کوشش کی جزوی کامیابی تھی، کیونکہ اس کے بعد بحریہ کے سربراہوں کی الوداعی تقریبات کا معیار اور پیمانہ غیر معمولی طور پر بڑھ گیا۔
بعد کی زندگی
حمود الرحمٰن کمیشن نے بھی ایڈمرل چودھری سے بحریہ اور نور خان سے فضائیہ کے امور میں معاونت لی، اور اس کا اعتراف اپنی رپورٹ میں کیا۔
ریٹائرمنٹ کے کچھ عرصے بعد حاجی محمد صدیق چودھری کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تنظیمِ نو کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ بعدازاں وہ اس ادارے کے پہلے صدر بھی منتخب ہوئے۔
سنہ 1959 میں انھوں نے اپنے بھائیوں سی ایم لطیف اور شفیق چودھری کے تعاون سے لاہور میں ایک فنی تربیتی ادارہ قائم کیا، جو اب پاکستان فاؤنڈیشن ہائی سکول کے نام سے جانا جاتا ہے۔
انھوں نے 1991 میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز بھی قائم کیا۔
27 فروری 2004 کی شام ایچ ایم ایس چودھری نے 92 برس کی عمر میں وفات پائی اور انھیں کراچی کے آرمی قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
نیول پوسٹ گریجویٹ سکول میں دسمبر 2004 میں پیش کیے گئے اپنے تحقیقی مقالے میں لیفٹیننٹ کمانڈر راجا رب نواز نے لکھا ’ابتدائی برسوں میں پاک بحریہ کو جن تمام مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ان کے باوجود یہ اس کی خوش قسمتی تھی کہ اسے وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چودھری جیسا باصلاحیت اور دوراندیش رہنما میسر آیا۔‘
تربت میں بحری فضائی اڈے کو اُن کے اعزاز میں ’پی این ایس صدیق‘ کا نام دیا گیا۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔