ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 164 کے تحت چاروں صوبوں کے این ایف سی حصے سے گرانٹ کی مد میں 35 ارب روپے کے قریب رقم وصول کرلی۔
وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران وفاقی حکومت نے صوبوں سے مجموعی طور پر 34 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے بطور گرانٹ حاصل کیے، جسے نان ٹیکس ریونیو (این ٹی آر) کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل اتفاق رائے ہوا تھا کہ صوبے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت وفاق کی مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں معاونت کریں گے۔
اس معاہدے کے تحت صوبوں کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے دوران اپنے این ایف سی حصے سے وفاق کو مجموعی طور پر 1035 ارب روپے گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق صوبوں سے حاصل ہونے والی یہ رقم وفاقی حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت طے شدہ اہداف کے حصول میں معاونت کے لیے استعمال کی جائے گی۔