ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں اسمارٹ میٹرز لگانے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ تیار کرلیا، جس کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کیے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت ڈسکوز سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں جدید میٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق منصوبے کی مالی معاونت کے حصول کے لیے حکومت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔ منصوبے پر عمل درآمد سے بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید بنانے اور میٹرنگ کے نظام میں بہتری لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US