سی ڈی اے مزدور یونین قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ۔چوہدری محمد یسیٰن

image
اسلام آباد(نیٹ نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن کے اعزاز میں سی بی اے کمیٹی انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے استقبالیہ تقریب ایم این اے ہاسٹل میں منعقد ہوئی ،تقریب میں مزدور یونین کے صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،راجہ محمد رفیق ،چوہدری زاہد احمد ،حق نواز عباسی ،راجہ رفاق ،صفدر جٹ ،سلام جان ،محمد ارشد ،چوہدری نثار ،بابر حسین ،ملک سرفراز ،اسد محمود ،ملک اکمل شہزاد و دیگر افراد سمیت محنت کشوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ محکمے کی بقاء اورمحنت کشوں کی مراعات کے تحفظ کی خاطر ہر اقدام اٹھائیں گے کیونکہ سی ڈی اے محنت کشوں کو ملنے والی تاریخی مراعات مزدوریونین کی نو سالہ کاوشوں اورجدوجہد کا نتیجہ ہے ان مراعات کو کسی نئے نظام کی بھیٹ نہیں چڑھنے دیں گے ،ہماری حکمران جماعت کے قائدین ،قائد حزب اختلاف ودیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،ارکان پارلیمنٹ اور خصوصاً چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے اپیل ہے کہ جب مقامی حکومت کے بل کو سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے تو اس وقت سی ڈی اے میں کام کرنے والے پندرہ ہزار محنت کشوں جو کہ درحقیقت پندرہ ہزار خاندان بنتے ہیں ان کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی خاطر اور سی ڈی اے ملازمین کے خدشات اور تحفظات کو دور کرنے اور انکو ملنے والی مراعات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ،ہمارا موقف بلدیاتی نظام اور محکمے کی تقسیم کے بارے میں واضح ہے کیونکہ مزدور یونین جمہوری سوچ رکھتی ہے اور خود بھی محنت کشوں سے مسلسل تین بار ووٹ لے کر منتخب ہوئی ،ہم سپریم کورٹ اور قومی اداروں کا بھی مکمل احترام کرتے ہیں لیکن بلدیاتی نظام کی آڑ میں محکمے کو تقسیم کرنے کے حق میں نہیں بلکہ ہمارا موقف ہے کہ ادارے کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کی طرز پر منتخب نمائندوں کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی جائے تاکہ شہر کے مسائل بشمول دیہاتی علاقوں کے مسائل بہتر طور پر حل ہو سکیں لیکن اس نئے نظام کے تحت ادارے کو وسعت دینے کی بجائے اسے تقسیم در تقسیم کر کے ختم کیا جا رہا ہے ،سی ڈی اے مزدور یونین قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ،ہم نے اپنے محنت کشوں کی مراعات کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر عملی طور پر اقدام اٹھاتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنے وکیل کے ذریعے رٹ پٹیشن دائر کی ہے اور عدالت سے اپیل کی ہے کہ ہمارے محنت کشوں کے مستقبل اور ان کو ملنے والی مراعات کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے ،ہم سی ڈی اے میں موجود دیگر تنظیموں کو بھی یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ وقت منفی سیاست کرنے کا نہیں بلکہ سنجیدگی سے ملازمین اور محکمے کے مستقبل کی فکر کرنے کا ہے اور دعوؤں کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے کا وقت ہے جس کے لیے تمام محنت کشوں کی یکجہتی بہت ضروری ہے نہ کہ اپنی اپنی سیاسی دوکان چمکانے کی خاطر الگ الک ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر سیاست کی جائے ،محکمہ رہے گا تو ٹریڈ یونین کی سیاست بھی رہے گی ہم اسلام آباد سے منتخب ہونے والے ارکان پارلیمنٹ سینیٹ و قومی اسمبلی سے ایک بار پھراپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ یہ ارکان پارلیمنٹ انہی غریب محنت کشوں کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آتے ہیں ،سی ڈی اے مزدور یونین حکومت کے علاوہ میڈیا ،وکلاء ،تاجر تنظیموں ،سول سوسائیٹی ،قومی سلامتی کے اداروں سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کو اپنے محنت کشوں کے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے خطوط لکھ چکی ہے اور ہم قانونی جنگ لڑنے کے علاوہ اپنا احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں اور محنت کشوں کے حقوق کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ سی ڈی اے محنت کشوں نے اپنی جوانیاں صرف کر کے اس شہر کو دنیا کا خوبصورت ترین اور مثالی شہر بنایا ،آج یہ کیسے ممکن ہے کہ سی ڈی اے کے محنت کشوں اور ان کے خاندان کے افراد کے مستقبل کو سوالیہ نشان بنا دیا جائے ،ہمارا جینا مرنا سی ڈی اے محنت کش کے ساتھ ہے اور آج ہم جو کچھ بھی ہیں اور جس مقام پر بھی ہیں وہ اس محنت کش کی وجہ سے ہیں اور مزید کسی بڑے عہدے کے خواہش مند نہیں ۔


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts