کراچی (نیٹ نیوز) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد
عمران خان چشتی نے سائنس ، آرٹس، کامرس ، ہوم اکنامکس، ڈپلومہ ان فزیکل
ایجوکیشن اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے انرولمنٹ فارمز جمع کرانے کی تاریخوں کا
اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ
انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2017ء میں حصہ لینے کے خواہشمند سائنس
، آرٹس، کامرس ، ہوم اکنامکس، ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن اور میڈیکل
ٹیکنالوجی کے امیدواراپنے انرولمنٹ فارمز 750 روپے فیس کے ساتھ 26 ستمبر
2016ء سے 25 اکتوبر 2016ء تک اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ کالج
پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام امیدواروں کے انرولمنٹ فارم اور پے
آرڈرز 27 اکتوبراور 28اکتوبر 2016ء تک انٹربورڈ آفس کے انرولمنٹ سیکشن سے
ضروری تصدیق کے بعد بورڈ کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروادیں۔ ناظم امتحانات
محمد عمران خان چشتی نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ انرولمنٹ فارم کے ساتھ
میٹرک کی مارکس شیٹ کی مصدقہ نقل بھی منسلک کی جائے، نامکمل فارم قبول نہیں
کیے جائیں گے۔