اقراﺀ عزیز کے جہیز اور یاسر حسین کی بَری میں کیا کچھ تھا؟ حیران کن تفصیلات

image
حال ہی میں اداکار جوڑی یاسر حسین اور اقراء عزیز کی شادی کی تقریبات کراچی میں ہوئیں۔ پہلے مایوں کی رسم پھر مہندی کی تقریب، نکاح اور پھر ولیمہ ہوا۔ اداکار نے اپنے انسٹاگرام کے پیج پر شادی کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے سب کو ایک پیغام دیا۔

یاسر نے تصویر کے کیپشن میں لکھا ''شادی اتنی مشکل چیز نہیں جتنا ہم نے بنا دی ہے، مجھے شادی اپنے گھر میں ہی کرنا تھی لیکن جگہ کم ہونے کی وجہ سے باہر کرنا پڑی۔ ہم نے ایک دوسرے کے خاندانوں کو غیر ضروری تحفے تحائف نہیں دیئے، نا جہیز لیا اور نا ہی بری بنائی۔

ہر قسم کے فضول اخراجات سے گریز کیا، کوئی فالتو زیورات بھی نہیں بنائے گئے۔ شادی بس یہ ہی ہے بغیر کسی دکھاوے کے جو آپ کی استطاعت ہو۔ کسی پر کسی قسم کا بوجھ نا ہو''۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ''کھانے پر بھی کسی قسم کا اضافی خرچہ نہیں کیا گیا اور نکاح خواں کو 8000 روپے دیئے گئے، براہ کرم اپنے گھر والوں پر رحم کریں اور شادی کو آسان بنائیں''۔

شادی میں دکھاوا اور مہنگے مہنگے تحفے تحائف ہمارے معاشرے کی روایت بن چکے ہیں پھر بھاری بھرکم جہیز ایک الگ مسئلہ۔ بہت سے لڑکے، لڑکیاں محض پیسوں کی کمی کی وجہ سے نکاح کی سنت بھی پوری نہیں کر پاتے جبکہ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیئے۔

اسر حسین اور اقرا عزیز کی شادی کے طریقے کو کافی پسند کیا جا رہا ہے جبکہ یاسر کے اس پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر اداکار جوڑی کو کافی سراہا جا رہا ہے اور ان کے اس اقدام کی مداحوں کی جانب سے کافی پذیرائی بھی ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اداکار یاسر حسین نے 2019 میں اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں انگوٹھی پیش کر کے پرپوز کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں اداکار مداحوں کی جانب سے کافی تنقید کا نشانہ بھی بنے تھے اور سوشل میڈیا پر کافی عرصے تک بحث جاری رہی تھی۔


About the Author:

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.