وہی لڑکی جس نے کہا تھا ’دنیا میں صرف ایک ہی کانٹا لگا گرل ہو سکتی ہے اور وہ میں ہوں‘ اب اچانک خاموشی سے اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہے۔
وہ لڑکی جو صرف ایک گیت سے پاپ کلچر کی آئیکون کہلائی۔ 2002 میں ’کانٹا لگا‘ کے ری مکس نے شیفالی زریوالا کو راتوں رات شہرت کی بلندیاں عطا کیں۔
بولڈ ڈانس مووز، کانفیڈنٹ انداز اور ٹیٹو کے ساتھ ان کی سکرین پر موجودگی ایسی تھی کہ نوجوان نسل میں انھیں پذیرائی حاصل ہوئی۔ یہ وہی لڑکی ہے جس نے کہا تھا ’دنیا میں صرف ایک ہی کانٹا لگا گرل ہو سکتی ہے اور وہ میں ہوں‘ اب اچانک خاموشی سے اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہے۔
گذشتہ روز ممبئی میں 42 سال کی عمر میں اداکارہ اور ماڈل شیفالی زریوالا وفات پا گئیں۔ چاہنے والوں کو ان کی موت کا یقین نہیں آ رہا کہ زندگی سے بھرپور اداکارہ اس طرح کیسے جا سکتی ہیں۔
فلمی میگزن فلم فیئر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ شیفالی کو 27 جون کی رات ممبئی کے اندھیری میں واقع بیلیوو ملٹی سپیشلٹی ہسپتال لایا گیا جہاں انھیں آمد پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
شوبز سے متعلق بی بی سی کی تحاریر براہ راست اپنے فون پر ہمارے واٹس ایپ چینل سے حاصل کریں۔ بی بی سی اردو واٹس ایپ چینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
فلم فیئر کے مطابق دل کا دورہ پڑنے سے ان کی موت واقع ہوئی ہے۔ ہسپتال سے نکلتے ہوئے ان کے شوہر پراگ تیاگی انتہائی دل شکستہ اور پریشان حال نظر آئے۔
رپورٹس کے مطابق انھیں رات تقریباً 11 بجے ہسپتال لایا گیا تھا۔
صحافی وکی لالوانی نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ شیفالی کو ان کے شوہر اور دو تین لوگ ہسپتال لے کر پہنچے تھے۔ لیکن پہنچنے پر عملے نے بتایا کہ شیفالی کی موت ہو چکی ہے۔
ان کے مطابق ہسپتال کے آر ایم او اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر وجے لولا نے مریض کے بارے میں بتانے سے انکار کر دیا لیکن اسی ہسپتال کے ڈاکٹر سوشانت نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کوپر ہسپتال بھیجا جا رہا ہے۔
شیفالی کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی اور اس کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ممکن ہو گی۔
شیفالی کانٹا لگا کے بعد پاپ آئیکون بن گئیں
شیفالی زریوالا کی کامیابی کے بعد ایک کنسرٹ کی تصویر جو 2003 میں لی گئیسوشل میڈیا پر لوگ ان کی جواں مرگی پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور انھیں ’کانٹا لگا گرل‘ کے طور پر یاد کر رہے ہیں۔ اسی دوران ان کی ایک پرانی ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ مرتے دم تک ’کانٹا لگا گرل کے نام سے یاد کیے جانا چاہتی ہیں۔‘
شیفالی اپنی اس پرانی ویڈیو میں ’کانٹا لگا گرل‘ ٹیگ سے کبھی نہ تھکنے کی بات کرتی ہیں۔ کلپ میں میزبان نے اس سے پوچھا کہ ’آپ کو سب کانٹا لگا گرل، کانٹا لگا گرل بولتے ہیں؟ آپ اس سے تھک نہیں گئی ہیں؟‘
شیفالی نے جواب دیا: ’سوال ہی پید نہیں ہوتا‘ اور پھر پورے اعتماد سے کہتی ہیں کہ ’دنیا میں صرف ایک ہی کانٹا لگا گرل ہو سکتی ہے، اور وہ میں ہوں۔ میں اس (ٹیگ کو) پسند کرتی ہوں اور میں مرتے دم تک کانٹا لگا گرل کے نام سے پکارے جانا چاہتی ہوں۔‘
اگرچہ اس گیت کو بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گيا لیکن شیفالی پاپ کلچر کی آئیکون بن گئیں۔
آشا پاریکھ پر فلمائے گیت کو نئی زندگی
شیفالی کو دنیا نے سنہ 2002 میں ڈی جے ڈال کے ’کانٹا لگا‘ کے ری مکس میں پہلی بار دیکھا۔۔۔ جس طرح سے وہ ایک ڈسکو تھیک بار میں جاتی ہیں اور ان کے سینے پر ٹھپا لگایا جاتا ہے۔۔۔ پھر وہ سنہ 1972 میں آنے والی فلم ’سمادھی‘ کا گیت ’کانٹا لگا‘ گاتی ہیں اور ڈانس کرتی ہیں۔ اس کے بعد سے انھیں کانٹا لگا گرل کے طور پر ہی جانا گيا۔
جب یہ البم ریلیز ہوا اس وقت شیفالی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ ان کے والد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھے جبکہ ان کی والدہ سٹیٹ بینک آف انڈیا میں کام کرتی تھیں۔
’کانٹا لگا‘ سب سے پہلے آشا پاریکھ پر فلمایا گيا تھا جس کے بول اس طرح تھے: ’بنگلے کے پیچھے، تیری بیری کے نیچے، ہائے رے پیا۔۔۔ کانٹا لگا‘۔ اس فلم میں دھرمیندر بھی اہم رول میں ہیں اور اس گیت کو لتا منگیشکر نے آواز دی ہے۔
لیکن اس گیت کو نئی زندگی ری مکس کے روپ میں شیفالی زریوالا نے دی۔ خیال رہے کہ ’کانٹا لگا‘ پہلا گیت تھا جس کا ری مکس بہت مشہور ہوا۔ اس کے بعد ’کلیوں کا چمن‘ اور ’چڑھتی جوانی‘ نے دھوم مچائی اور پھر بہت بعد میں ’میرے رشک قمر‘ اور ’یہ میرا دیوانہ پن ہے‘ نے ری مکس کو نئی زندگی دی۔
جس طرح سے ٹیٹو کے ساتھ وہ اس گیت میں نظر آئیں ایسا لگتا ہے کہ انڈیا میں اس کے بعد ہی لڑکیوں میں ٹیٹو مقبول ہوا تھا۔
شیفالی زریوالا 15 دسمبر سنہ 1982 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔
کانٹا لگا کی کامیابی کے بعد انھوں نے مدھیہ پردیش کے گوالیار سے آنے والے موسیقار میت برادارن کے ہرمیت سنگھ سے سنہ 2004 میں شادی کر لی۔
لیکن پھر ان کی آپس میں نبھ نہ سکی اور پولیس میں ہرمیت کے خلاف شکایت کے بعد سنہ 2009 میں ان کی علیحدگی ہو گئی۔ اس کے بعد سنہ 2015 میں انھوں نے ٹی وی اداکار اور نچ بلیے کے اپنے پارٹنر پراگ تیاگی سے شادی کی۔
سنہ 2004 میں سلمان خان، پرینکا چوپڑہ اور اکشے کمار کی فلم ’مجھ سے شادی کرو گی‘ میں شیفالی نظر آئیں اور اس میں ’کانٹا لگا‘ گيت میں وہ اکشے کمار کے ساتھ نظر آتی ہیں۔
اس کے بعد سے انھیں ’نچ بلیے‘ سیزن پانچ اور سیزن سات میں دیکھا گیا۔ سنہ 2019-20 میں انھیں سلمان خان کے ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 13 میں دیکھا گیا۔
اس کے بعد حال ہی میں گذشتہ سال وہ ٹی وی سیریز ’شیطانی رسمیں‘ میں نظر آئیں۔
تاہم جس طرح ’کانٹا لگا‘ کی ریلیز کے ساتھ وہ یکایک مقبول ہوئیں اس کا انھیں زیادہ فائدہ نہ مل سکا۔
’سدھارتھ کے بعد شیفالی بھی چھوڑ گئیں، بگ باس کا سیزن 13 بڑا ہی منحوس رہا‘
سوشل میڈیا پر شیفالی کے ساتھ سدھارتھ شکلا کو بھی یاد کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ بگ باس کا سیزن 13 بڑا ہی ’منحوس‘ رہا کیونکہ سدھارتھ 40 سال کی عمر میں چلے گئے اور اب شیفالی 42 سال کی عمر میں موت کی آغوش میں چلی گئیں۔
ریان خان نامی ایک صارف نے لکھا: ’ہاں لڑکی، تم واحد کانٹا لگا گرل تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ بگ باس 13 منحوس تھا۔ سدھارتھ شکلا 40 سال کی عمر میں ہمیں چھوڑ گئے اور اب 42 سال کی عمر میں شیفالی ہمیں چھوڑ گئیں۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے شیفالی کا گیت اور انٹرویو بھی شیئر کیا ہے۔
آسوتوش کرشنا نامی ایک صارف ایکس پر لکھتے ہیں کہ اپنی اچانک موت سے دس ماہ قبل ہی انھوں نے کہا تھا کہ ’میں مرتے دم تک کانٹا لگا گرل کے طور پر جانے جانا چاہتی ہوں۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے بگ باس کا ایک سین بھی شیئر کیا ہے جس میں سدھارتھ اور شیفالی باتیں کر رہے ہیں۔
منجیت سنگھ نامی صارف نے انھیں بہترین اداکارہ اور ڈانسر کے ساتھ بگ باس 13 کی بہترین دعویدار بھی کہا ہے۔
اشونی روپیش نامی ایک صارف نے لکھا: ’وہ 42 سال کی نظر نہیں آتی تھیں۔ وہ بہت تندرست تھیں۔ زندگی بے یقین ہے اور ناقابل پیش گوئی۔۔۔ جب تک آپ زندہ ہیں اپنی فیملی سے محبت کریں، ہر لمحے کا مزا لیں، آپ نہیں جانتے کہ کب آپ کا وقت آ جائے۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے شیفالی کی تصاویر کا ایک کولاج پیش کیا ہے جس میں ویڈیو کی شکل میں ان کے بچپن سے لے کر شہرت کی بلندیوں تک بہت سے روپ نظر آتے ہیں۔
ای ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں شیفالی نے کہا تھا کہ نو عمری میں انھیں ڈپریشن کی وجہ سے مرگی کے دورے پڑتے تھے۔ پھر انھوں نے ورزش کے ذریعے اس پر قابو پایا اور ڈپریشن سے بھی نجات حاصل کی۔
بروس وین نامی صارف نے لکھا کہ ’ہم کسی کے جانے کے بعد ہی اس میں اچھائیاں کیوں تلاش کرتے ہیں۔ شیفالی واقعی دل کی اچھی تھیں۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے ان کا انٹرویو شیئر کیا ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ وہ اپنا بچہ پیدا کرنے کے بجائے بچہ گود لینا چاہتی ہیں ’کیونکہ اپنے بچوں کو تو سب پیار کرتے ہیں، دوسرے کے بچے کو پیار کیا جائے تو یہ بڑی بات ہے۔‘