اداکار جوڑی یاسر حسین اور اقراﺀ عزیز جن کی شادی کو ابھی چند روز ہی ہوئے ہیں، نے نئے سال کا جشن ساحل سمندر پر کچھ دوستوں کے ساتھ منایا۔ یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی اور اقراﺀ کی ایک تصویر شئیر کی اور ساتھ اپنے پرستاروں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی ہے جبکہ اقرا نے بھی یاسر حسین کے ہمراہ تصویریں شیئر کرتے ہوئے نئے سال کی مبارکباد دی اور لکھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ اس سال بھی اپنے آپ سے کئے گئے عزم میں کامیاب رہیں۔
فہد مصطفیٰ جو کہ اداکار بھی ہیں اور میزبان بھی، نے کچھ انوکھے طریقے سے نئے سال کی مبارکباد دی اور اپنے پیغام میں والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی والدین اپنے بچوں کو ٹک ٹاک سے دور رکھیں۔
ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے بھی اپنی 2020 والی فلٹر لگی تصویر شئیر کی جس میں انہوں نے سب کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
اداکارہ عائزہ خان نے بھی اپنے شوہر دانش تیمور اور دونوں بچوں کے ساتھ خوبصورت تصویر شئیر کی اور لکھا کہ یہ ہے ہماری خوشی اور سب کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
ہدایتکار و اداکار ہمایوں سعید نے مکہ مکرمہ میں موجود اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے عقب میں خانہ کعبہ نظر آرہا ہے۔ اداکار نے نئے سال کے موقع پر عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ 2020 میں اللّہ ہمیں اپنی رحمتوں سے نوازے۔ ہمایوں سعید نے لکھا کہ اُن کی ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ وہ نئے سال کا آغاز اس مقدس مقام پر کریں اور اس سال ان کی یہ خواہش پوری ہوگئی۔ ہمایوں نے اپنے مداحوں اور خصوصاً پاکستان کے لیے ڈھیر ساری دعاؤں کے ساتھ نئے سال کا خیر مقدم کیا۔