کیا واقعی ڈرامہ میرے پاس تم ہو کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے؟ مداحوں نے ناراضگی کا اظہار کرنا شروع کر دیا

image

پاکستان میں اب تک کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈرامہ میرے پاس تم ہو کا اختتام قریب ہے۔ ڈرامے کی آخری قسط کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اے آر وائی کے آفیشل پیج نے پوسٹ شئیر کی جس میں بتایا گیا کہ آخری قسط 25 جنوری کو نشر کی جائے گی۔ ڈرامے کا دورانیہ ایک گھنٹے کے بجائے دو گھنٹے ہو گا۔ ڈرامے کے شائقین کے لئے ایک بڑی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ ڈرامہ کی آخری قسط بیک وقت ٹی وی اور پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں دیکھی جا سکے گی۔ ڈرامے کے شوقین افراد آخری دلچسپ قسط کو اب بڑے پردے پر بھی دیکھ سکیں گے۔

ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی اس خبر پر جہاں بہت سے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا وہیں کچھ مداح ایسے بھی تھے جنہوں نے نا پسندیدگی کا اظہار کیا۔ کچھ مداح اس بات پر ناراض نظر آئے کہ ڈرامہ کی آخری قسط میں ایک ہفتے کا وقفہ کیوں دیا؟ کچھ کا کہنا تھا کہ یہ خبر جعلی ہے، ڈرامہ کی آخری قسط سنیما گھروں میں نہیں دکھائی جائے گی جبکہ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے آخری قسط ڈبل نہیں ہو گی۔



سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ڈرامہ سے متعلق ایک پوسٹ پر فائزہ نامی صارف نے کمنٹ کیا جس میں انہوں نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ صرف ٹی آر پی بڑھانے کے لئے ڈرامہ کو اتنا کھینچ رہے ہیں'۔


ڈرامہ سنیما گھروں میں دکھائے جانے کے حوالے سے حناء مقدس نامی ایک صارف نے کمنٹ میں طنز کیا اور سوالیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ 'یہ سب زیادہ نہیں ہو رہا؟'


یاد رہے گزشتہ دِنوں خلیل الرحمان قمر کے ایک انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ ڈرامہ کی آخری قسط سے متعلق کہتے نظر آرہے ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے جائیں کہ اب کیا تماشا ہونے والا ہے، آخری سین لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے تھے اور میں رو رہا تھا۔ ڈرامہ دیکھنے والے بھی اسی طرح تکلیف محسوس کریں گے جیسے میں نے کی ہے۔


About the Author:

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.