سردیوں کا موسم جہاں دوسرے بہت سے مسائل اپنے ساتھ لاتا ہے وہیں بالوں میں خشکی سکری بھی سردیوں میں ایک اہم مسئلہ ہوتی ہے۔ خشکی کی وجہ سے بال گرتے ہیں اور کمزور ہو جاتے ہیں۔
پاکستانی اداکارہ و ماڈل فضا علی نے ایک ایسے تیل کی ترکیب بتائی ہے جس سے خشکی دور ہوگی، بال مضبوط ہوں گے اور تیزی سے بڑھیں گے۔
اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شئیر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کے بالوں میں تیل لگا رہی ہیں جبکہ ایک خاتون فضا علی کے بالوں میں تیل لگاتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں فضا علی نے تیل کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزاء کے متعلق بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرسوں اور زیتون کے تیل کو ایک مقدار میں لے لیں، پھر اس سے تھوڑی کم مقدار میں بادام کا تیل اور کھوپرے کا تیل شامل کریں، سردیوں میں خشکی بھی ہو جاتی ہے تو اس کے لئے تھوڑا سا تارا میرا کا تیل ملائیں، پھر اس میں تین سے چار وٹامن ای کے کیپسول شامل کریں ساتھ میں کلونجی کے تیل کے چند قطرے شامل کرلیں۔
فضا نے مزید بتایا کہ اگر بال بہت زیادہ گِر رہے ہوں تو اس تیل میں بالچھڑ شامل کر کے تیل کو دو دن کے لئے دھوپ میں رکھ کے پھر استعمال کریں۔ اس سے آپ اپنے بالوں میں صاف فرق محسوس کریں گے۔