تفصیلات کے مطابق مہلک وباء کے خلاف پاک آرمی بھی میدان میں آگئی ہے اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ڈی جی) (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ʼموجودہ صورتحال میں افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے اور وفاق اور صوبوں کے ہمراہ مل کر ان مشکل حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھے۔
کراچی میں مزید 37 شہری مہلک کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے اور سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی ، پشاور اور مردان میں جزوی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے درمیان بس سروس اور بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں راشن تقسیم کرنے کیلئے فوج سے مدد طلب کرلی گئی ہے جبکہ ایکسپو سینٹر میں 10؍ ہزار بستروں کا اسپتال بنے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے حکم کے مطابق 12 ٹرینیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ مزید 20 ٹرینیں بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں نماز جمعہ کے اجتماعات بھی مختصر ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور جمعرات کو 147؍ نئے کیس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 451 جا پہنچی ہے۔