پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی ستارے ایسے بھی ہیں جِن کے بارے میں آپ نہیں جانتے۔ ایسے فنکار انڈسٹری میں آتے تو کافی خاموشی سے ہیں لیکن کچھ ہی عرصے میں اپنی مسلسل محنت اور جاندار اداکاری سے لوگوں کے دِلوں میں گھر کر لیتے ہیں۔
ان ہی اداکاروں میں انتہائی دلکش فنکار علی انصاری شامل ہیں۔ علی انصاری صرف اداکار ہی نہیں بلکہ متعدد صلاحیتوں کے مالک فنکار ہیں۔
اداکار علی انصاری 8 ستمبر 1987 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اداکار نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور میوزیشن کیا تھا۔ اِسی دوران انہیں ماڈلنگ کی آفر ہوئی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ماڈلنگ کے بعد علی انصاری اداکاری کی طرف آگئے اور یوں 2015 میں ڈرامہ سیریل 'رفعت آپا کی بہوئیں سے' اپنی اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔
باصلاحیت اداکار علی انصاری نے ڈرامہ سیریل 'خانی' میں 'سارم' کا کردار ادا کیا جس نے انہیں کافی شہرت دی۔
علی انصاری نے جن مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ان میں میری سہیلی میری بھابھی، سایائے دیوار بھی نہیں، خانی، گھر تتلی کا پر، بابا جانی، کم ظرف، ڈر خدا سے، نقب زن، محبت نہ کریو اور کہیں دیپ جلے شامل ہیں۔
واضح رہے علی انصاری اداکارہ مریم انصاری کے بھائی ہیں۔