تیونس کی خاتون کو ایگزٹ پرمٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے کی ہدایت

image

محبت کی شادی کرنے والا کراچی کا بے روزگار نوجوان غیر ملکی اہلیہ کو طلاق دینے کے بعد اسے ریسٹورنٹ پر چھوڑ کر بھاگ نکلا۔ میڈیا پر خبر آتے ہی وزارت داخلہ نے تیونس سے تعلق رکھنے والی خاتون کو فوری ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کردی۔

ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن ویسٹ زون عظمیٰ خان کے مطابق لیاقت آباد تھانے کے اہلکاروں نے 19 سالہ سندا ایاری نامی لڑکی ان کے حوالے کی جسے اس کا شوہر محمد عامر ریسٹورنٹ پر بٹھا کر چلا گیا تھا۔ خاتون پولیس افسر کے مطابق سندا ایاری نے بتایا کہ اس کا تعلق شمالی افریقی ملک تیونس سے ہے، جس کی لیاری نیا آباد کھڈا مارکیٹ کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی اور وہ پاکستانی ویزہ حاصل کرکے 28 نومبر 2024ء کو کراچی پہنچی اور محمد عامر سے شادی کرلی تاہم کچھ عرصہ بعد ہی اس کے ساتھ مار پیٹ کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا۔ عامر اور سندا ایاری کا نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں رجسٹرڈ کرایا گیا تھا۔

تیونس کی خاتون سندا ایاری نے بتایا کہ ان کا شوہر عامر ان کی پرواہ نہیں کرتا تھا بلکہ ایک دن تو اس نے ان پر ہاتھ بھی اٹھایا جواب میں انہوں نے بھی تھپڑ رسید کیا۔ انہوں نے کہا کہ عامر مزید غصے میں آگیا اور انہیں پھر مارا جس کے بعد دونوں میں ہاتھا پائی ہوئی، اسی دوران عامر کے والد بھی آگئے جنہوں نے اس کو پیٹھ پر ہاتھ مارا۔ انہوں نے بتایا کہ مار پیٹ کے نتیجے میں عامر نے انہیں طلاق دے دی۔

پولیس کے مطابق محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ بے روزگار ہے اور سندا ایاری کو گزشتہ ہفتے طلاق دے چکا ہے لہٰذا وہ اسے نہیں رکھنا چاہتا۔ خاتون پولیس افسر نے بتایا کہ صبح دیر سے اٹھنے اور کام نہ کرنے کے معاملے پر سندا ایاری کا اس کے سسرالیوں سے جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون کا 90 دن کا پاکستانی ویزا فروری میں ختم ہوچکا ہے، پولیس خاتون کی پناہ میں ہے اور اس کا خیال رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیونس کی ایمبیسی کے حکام سے رابطہ ہوچکا ہے اورجلد سندا ایاری اپنے ملک میں ہوں گی۔

قبل ازیں تیونس کی لڑکی کی کراچی میں شادی اور طلاق کے بعد سندا ایاری کو ویزہ میعاد ختم ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیا جس پر وزارت داخلہ نے سندا ایاری کو فوری ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کردی۔ وزارت داخلہ کے ویزا حکام نے سندا ایاری کی دستاویزات طلب کرتے ہوئے ایگزٹ پرمٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے کی ہدایت کی۔


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.