پاکستان میں مون سون کے سبب لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خطرات میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے. محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق کئی علاقوں میں شدید بارشوں، آندھی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ خبردار کیا گیا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، گلیات، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، دیر، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، صوابی اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالے کسی بھی وقت طغیانی کا رخ اختیار کر سکتے ہیں۔
بلوچستان کے بھی کئی اضلاع جیسے موسی خیل، بارکھان، خضدار، لسبیلہ اور قلات میں تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں اور مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کی پیشگوئی ہے۔ گرج چمک کے ساتھ تیز جھکڑ چلنے سے روزمرہ کے معمولات بھی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور کمزور عمارتیں نقصان اٹھا سکتی ہیں۔
خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ اتوار کے روز اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں کئی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے.
اسی طرح سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں، بلوچستان کے جنوبی و وسطی اضلاع اور جنوبی پنجاب میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ پیر کے روز موسم قدرے پرسکون ہو گا، تاہم اسلام آباد، کشمیر، پوٹھوہار اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان باقی رہے گا، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔