کورونا کہانی! کیا یہ وقت بھی کچھ لوگوں کے لئے عید کا سماں لئے ہوئے ہے؟ سنئیے یہ دلخراش کہانی رؤف آفریدی کی زبانی

image

کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے سبب ملک بھر میں معمولاتِ زندگی متاثر ہو چکی ہے۔ کاروبار، تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ ہر چیز ہی متاثر ہوئی ہے جبکہ روز کے کمانے والوں کا ذریعہ آمدنی بھی ختم ہو چکا ہے۔

اس مشکل گھڑی میں بہت سے لوگ ضرورت مند افراد کے لئے راشن کا انتظام کر رہے ہیں اور انہیں ضرورت کی دیگر اشیاء پہنچا رہے ہیں۔ اس نیک کام میں ہماری شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بھی بے شمار فنکار شامل ہیں۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ہدایتکار اور مزاحیہ کردار ادا کرنے والے اداکار رؤف آفریدی ایک قصہ سنا رہے ہیں۔

رؤف آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ 'انہیں ایک گھر کے بارے میں بتایا گیا جہاں ایک بوڑھی خاتون اپنی 4 بیٹیوں یا پوتیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور انہیں راشن کی شدید ضرورت ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے ان بوڑھی خاتون کے گھر کا پتہ لیا اور وہاں جا پہنچا، دروازہ خاتون نے کھولا'۔


رؤف آفریدی نے بتایا کہ 'میں نے ان خاتون سے کہا میں آپ کے لئے کچھ لایا ہوں تو انہوں نے جواب دیا بیٹا تم راشن لائے ہو؟ جس کے بعد وہ خاتون بے حد خوش ہوئیں اور کہنے لگیں کہ بیٹا یہ سب جو باہر چل رہا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیا ہو رہا ہے لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے عید کا سماں ہے، یہ ہمارے لیے عید ہے'۔

رؤف آفریدی کا کہنا تھا کہ 'ان بوڑھی خاتون نے ان کے لئے دعا کی کہ یا اللہ اس عید کے صدقے اس بچے کی ہر مراد پوری کر اور یہ دِن ہمارے لئے بار بار لا'۔

یہ بتاتے ہوئے رؤف آفریدی آبدیدہ ہو گئے جبکہ ویڈیو کے اختتام میں انہوں نے ایک انتہائی خوبصورت پیغام بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ ''ہم کیوں اپنی نیکیوں کو رمضان، عید اور محرم تک ہی محدود کر لیتے ہیں؟''


About the Author:

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.