پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پاکستانی فنکاروں کا لائیو آنا اور ویڈیو کال کرنا معمول بن گیا ہے۔
اسی طرح پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید کے ساتھ ویڈیو کال کی اور اس کال میں اداکارہ حریم فاروق کو بھی شامل کیا۔
ویڈیو میں عدنان صدیقی نے حریم فاروق کے بارے میں بتایا کہ 'میں جب بھی حریم سے بات کرتا ہوں تو یہ ہمیشہ مجھ سے پوچھتی ہیں کہ کیا آپ کو پتہ ہے میرے والد کتنے سال کے ہیں؟'
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے پوچھنے پر حریم فاروق یہ کہتی ہیں کہ اُن کے والد مجھ سے صرف چار یا پانچ سال بڑے ہیں'۔
عدنان صدیقی نے انکشاف کیا کہ 'جب میں نے اُن کے والد کو دیکھا تو واقعی وہ جوان سے شخص ہیں، اُن سے زیادہ میرے بال سفید ہیں'۔ ساتھ ہی عدنان صدیقی نے مسکراتے ہوئے اداکارہ کو یہ بھی کہا کہ 'شرم کریں آپ میرے ساتھ فلم میں ہیروئن آئی تھیں'۔
یاد رہے سال 2014ء میں ہدایتکار شہزاد کشمیری کی ہدایت میں بننے والا ڈرامہ میرے ہمدم میرے دوست میں حریم فاروق اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔