کورونا وائرس کی وبا کے خوف کے سبب پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن ہو گیا ہے جبکہ لوگوں کا ذریعہ معاش بالکل ختم ہو کر رہ گیا ہے، ایسے میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بہت سے فنکار ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔
اسی حوالے سے پاکستان کے نامور گلوکار امانت علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ 'مجھے ایک بات سمجھ نہیں آتی ہے کہ جب کوئی بھی فنکار ضرورت مندوں کی مالی مدد کرتا ہے یا اُن کے لیے کچھ بھی کرتا ہے تو ہمیشہ کیمرے کے سامنے ہی کیوں کرتا ہے؟'
امانت علی نے حضرت اما م علیؓ کا ایک قول بھی لکھا کہ: 'کسی کو خیرات دیتے ہوئی اُس کی آنکھوں میں بھی نہیں دیکھو'
گلوکار نے طنزیہ انداز میں تحریر کیا کہ 'یہاں تو پوری دُنیا کو دِکھایا جاتا ہے'۔
دوسری جانب مشہور اداکارہ حرا مانی نے بھی ٹوئٹر پر راشن بیگز کے ساتھ تصویر شئیر کی جس پر کیپشن تحریر کیا 'جب میں یہ راشن ضرورت مندوں میں تقسیم کروں گی تو انشاءاللّہ کوئی تصویر نہیں بنے گی'۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'میں نے یہ تصویر شہرت حٓاصل کرنے کے لئے نہیں بنائی، میں نے یہ تصویر اِس لئے بنائی ہے تا کہ آپ بھی اِس نیک کام میں لگ جائیں اور ضرورت مندوں اور مستحق لوگوں کی مدد کر سکیں'۔
واضح رہے کچھ دن قبل اداکارہ مایا علی نے بھی اپنی ڈیزائنر دوست فائزہ ثقلین کے ہمراہ مستحق لوگوں کو راشن بیگ تقسیم کیے تھے جن کی تصاویر اداکارہ نے انسٹاگرام پر شئیر کی تھیں۔