کراچی میں اچانک پراسرار اموات۔۔۔ کیا اس کی وجہ کورونا وائرس ہے؟

image

شہرِ قائد میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بے شمار لوگ خالقِ حقیقی سے جا ملے لیکن یہ اموات ہوئیں کیسے؟ شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائمز نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ روڈ حادثات بھی بہت کم ہوئے، ان سب کے باوجود لوگ انتقال کر رہے ہیں۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے نامعلوم وجوہات کے سبب اموات میں اضافے کو خطرناک قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ 'ان مریضوں کے حوالے سے مجھے بہت تحفظات ہیں۔ اس وبا سے قبل ہمارے پاس 1600-1700 مریض ایک دن میں ایمرجنسی میں آتے تھے لیکن اس وقت ان مریضوں کی تعداد آدھی ہو گئی ہے اور 700-800 سے زیادہ مریض نہیں آ رہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اسپتال میں مردہ حالت میں لائے جانے والے مریضوں کی تعداد گزشتہ چند ہفتوں کے مقابلوں میں زیادہ ہو گئی ہے جبکہ ان مریضوں کی تعداد بھی بڑھی ہے جن کا اسپتال آ کر انتقال ہو جاتا ہے جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'مرنے والوں میں کوئی بھی مریض گولی لگنے یا ٹریفک حادثے میں جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا جبکہ یہ مختلف امراض کے ساتھ اسپتال لائے گئے جہاں وہ انتقال کر گئے'۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ 'جن لوگوں کو مردہ حالت میں لایا جاتا ہے، ان کے اہلخانہ پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت نہیں دیتے اور ان کے گھر والے مریض کی جو علامات بتاتے ہیں تو اس بنیاد پر ہم فیصلہ کرتے ہیں کہ ہو سکتا ہے اس وجہ سے موت ہوئی ہو گی کیونکہ پوسٹ مارٹم نہ ہونے تک کوئی بھی نہیں بتا سکتا کہ مریض کی موت کیسے ہوئی تھی'۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 'ایکسرے سے یہ پتہ نہیں چل سکتا ہے کہ مریض کورونا وائرس کا شکار ہے یا نہیں اور کورونا کے مریض کی تشخیص ٹیسٹنگ کے ذریعے ہی ہو سکتی ہے، اس کے بغیر اگر علامات ہوں بھی تو ہم اس کو تصدیق شدہ کورونا کا کیس نہیں کہیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مرنے والوں کی تعداد بڑھنا خطرناک ہے اور ہمیں تمام جگہ سے باقاعدہ ڈیٹا جمع کر کے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں اموات کیوں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 دن میں 121 لوگوں کو مردہ حالت میں لایا گیا اور 99 لوگوں کی ہسپتال کی ایمرجنسی میں اموات ہوئیں ان تمام افراد کی اموات کی وجوہات مختلف تھیں'۔


About the Author:

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.