چین اور اٹلی سے شروع ہونے والے خطرناک وائرس نے فروری کے ماہ میں پاکستان کا رخ کیا تھا جبکہ اب تک ملک میں مجموعی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 ہزار 323 ہے جن میں سے 281 مریض اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ملک میں مارچ کے مہینے سے لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے جبکہ کیسز کی تعداد بھی دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔
اسی حوالے سے سنگاپور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ڈیزائن نے مختلف ممالک کے متعلق پیشن گوئی کی ہے کہ وہاں کووڈ 19 پر قابو کب تک پا لیا جائے گا؟
جاری کردہ گراف میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ پاکستان میں اس وائرس پر ایک سے ڈیڑھ ماہ میں قابو پا لیا جائے گا۔ یونیورسٹی نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیٹا کے تجزیے سے یہ پیشن گوئی کی ہے۔
محققین نے مختلف ممالک کے مصدقہ اور مشتبہ کیسز کے ساتھ صحت یاب افراد کے ڈیٹا کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے دورانیے کا بتایا ہے۔
پیشن گوئی کے مطابق پاکستان میں اس وبا پر 8 جون تک 97 فیصد قابو پالیا جائے گا۔
ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں ابھی یہ وبا عروج پر نہیں پہنچی، اچھی خبر یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں بہتری آنے کا امکان ہے جس کے بعد 9 جون تک اس پر 97 فیصد، 23 جون تک 99 فیصد اور یکم ستمبر تک سو فیصد قابو پایا جاسکتا ہے۔
یاد رہے یونیورسٹی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ پیشن گوئی کے تحت جاری کردہ ڈیٹا کو روزانہ نئے ڈیٹا کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے جبکہ یہ تجزیہ صرف تعلیمی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ہے، جس میں غلطی کا امکان موجود ہے۔