کورونا وبا کے خطرے کے پیشِ نظر اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی عدم موجودگی کے باعث صرف مریضوں کی جانوں کو خطرہ نہیں بلکہ فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز بھی بے حد پریشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں بروقت وینٹی لیٹر نہ ملنے پر کورونا وائرس کا نشانہ بننے والے سینئر ریڈیولاجسٹ ڈاکٹر فرقان کی انتقال سے قبل آڈیو کال سامنے آگئی جس میں وہ مشکل حالت میں وینٹی لیٹر کے لئے ساتھی ڈاکٹر سے التجا کر رہے ہیں۔
آڈیو کال میں ڈاکٹر فرقان اپنے ساتھی دوست ڈاکٹر عامر کو وینٹی لیٹر کا انتظام کرنے کا کہہ رہے ہیں اور اپنی طبیعت سے متعلق بتا رہے ہیں۔
فون کال پر ڈاکٹر فرقان اپنے دوست ڈاکٹر عامر سے گفتگو کرتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ وہ گھر پر قرنطینہ میں ہیں اور ایمبولینس وینٹی لیٹر کی دستیابی کی تصدیق سے قبل اسپتال لے جانے کو تیار نہیں۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل کورونا کا شکار 60 سالہ ڈاکٹر فرقان گزشتہ رات بروقت وینٹی لیٹر نہ ملنے پر جاں بحق ہوگئے تھے۔