عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے علاج کے لئے دنیا کے متعدد سائنسدان ویکسین بنانے میں مصروف ہیں، وہیں پاکستان میں کورونا کے علاج میں بڑی کامیابی ملی ہے۔
ذرائع کے مطابق این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ پیسوامیونائزیشن تھراپی سے کورونا وبا کا پہلا مریض صحتیاب ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا کہ پلازمہ ٹرانسفیوژن سے ایک کورونا کا مریض شفایاب ہوگیا ہے، صحتیاب ہونے والے شخص کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ اپنے گھر جا چکا ہے۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق مریض کو 30 اپریل کو پلازمہ لگایا گیا تھا اور 8 مئی کو مریض مکمل صحتیاب ہوگیا تھا، اس وقت ایک درجن سے زائد مریضوں پر تھراپی استعمال کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا تھا کہ سندھ حکومت نے پلازمہ سے علاج کی منظوری دے دی ہے، پلازمہ ٹیکنیک سے ملک کے چاروں صوبوں میں کورونا کے مریضوں کا علاج ہوگا۔