موسمِ سرما سے لطف اندوز بچے بھی ہوتے ہیں اور بڑے بھی کیونکہ اس موسم میں ہمارے پاس کھانوں کے بے شمار لوازمات ہوتے ہیں، کبھی ڈرائی فروٹس تو کبھی گاجر کےحلوے، کبھی مولی کی بھاجی اور پراٹھے۔۔۔
یہ تو صرف چند ایک ہیں لیکن سردی میں ہر نئے د ن ایک نئی چیز کھانے کو ملتی ہے جوکہ ہمارا موڈ بھی خوش گوار رکھتی ہے اور سردی کوکنٹرول کرنے میں مدد بھی کرتی ہے۔ چونکہ سردیوں میں جسم میں درد ٹھنڈ کی وجہ سے زیادہ رہتا ہے اور جسم میں سنسناہٹ بھی رہتی ہے جس کی وجہ سے ماہرین ِ غذائیت کھانوں میں احتیاط برتنے اور صحت مند کھانوں کو کھانے کی تجویز کرتے ہیں جن میں سب سے اولین تجویز سبزیوں کی ہوتی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ سبزیاں دیگر چیزوں سے زیادہ جلدی فائدہ پہنچاتی ہیں اور جسم کے لئے ضروری تمام تر اجزاء اور پروٹین فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ بنتی ہیں۔
موسم سرما میں سب سےزیادہ استعمال ہونے والی سبزیاں گاجر، مولی، شلجم اور چقندر کی افادیت سے متعلق ہم آپ کو بھرپور معلومات فراہم کر رہے ہیں جن کو جان کر آپ ان سبزیوں کا بہتر طور پر استعمال کرسکیں گے۔
سبزیوں کی افادیت:
گاجر:
گاجر میں وٹامن اے، سی، کے، پوٹاشیئم، سوڈیم ، کیلوریز غیرہ پائی جاتی ہیں۔ یہ سلاد کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے اور اس کا حلوہ سردیوں کی عام سوغات ہیں۔
بینائی کو طاقتور بناتی ہے:
گاجر میں وٹامن اے شامل ہوتا ہے اور جسم میں وٹامن اے کی کمی بینائی کو متاثر کرتی ہے۔اس میں بیٹا کیروٹین کی بڑی مقدار بھی شامل ہوتی ہے اور یہ کیمیاء ہماری آنکھوں کو توانا رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ذیا بیطس:
گاجر میں موجود فائبر اور کاربوہائیڈریٹس اس کی شوگر کو خون میں تیزی سے شامل نہیں ہونے دیتے اور اس کا گلیسمک انڈیکس بھی کم ہوتاہے جو خُون میں شوگر لیول کو تیزی سے بڑھنے سے روکتا ہے یوں گاجر شوگر کے مریضوں کے لئے بھی بہت اہم ہے۔
بلڈ پریشر اور دل:
گاجر میں پوٹاشئیم اور فائبر شامل ہوتی ہے جو بلڈ پریشر کے لیے مفید ہے۔جبکہ ماہرین کے مُطابق دل کی بیماریوں میں بھی یہ مفید ہے کیونکہ اس میں سوڈیم کی کم مقدار اور زیادہ پوٹاشیم پائی جاتی ہے جو دل اور اس سے متڈل رگوں کو طاقت فراہم کرتی ہے۔
قوت مدافعت:
گاجر اینٹی آکسیڈینٹ ہوتی ہیں اور وٹامن سی سے بھرپوربھی ہے۔ یہ ہماری قوت مدافعت کو طاقتور بناتی ہے اور ہمارے جسم میں بیماریوں سے لڑنے کی قوت پیدا کرتی ہے۔
جلد:
گاجر کا وٹامن سی کلوجن کی پیداوار بڑھاتا ہے جو ہماری جلد کے لیے انتہائی اہم اور مفید ہے خاص طور پر یہ زخموں کو جلد بھر دیتا ہے اور جلد کو سرخ بنانے میں مدد دیتی ہے۔
مضبوط ہڈیاں:
گاجر میں وٹامن کے ، کیلشیم اور فاسفورس جیسے منرلز بھی شامل ہوتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
گاجر وزن کم کرتی ہے:
گاجر میں انتہائی کم کیلوریز ہوتی ہیں جو وزن کو کم سے کم رکھنے اور موٹاپے کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔
مولی:
مولی کی سبزی تو ہر گھر میں بنتی ہے اس میں ہمارے لیئے اتنے اہم فوائد ہیں آپ بھی جانیں اور فائدہ اٹھائیں۔
جگر اور پیٹ :
مولی میں ایسی معدنیات کی کثرت پائی جاتی ہے جو جگر اور پیٹ کے لیے انتہائی مفید ہے یہ جسم میں سرخ خون کے خلیات کو ختم ہونے سے بھی بچاتی ہے۔
یرقان :
یرقان میں مولی کے پتوں کا رس اس کا سب سے سستا توڑ سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ جگر کو کسی بھی نقصان سے محفوظ رکھنے میں اہم ہے۔
بلڈ پریشر :
مولی میں پوٹاشیم ہوتا ہے جو خون میں پوٹاشیم اور سوڈیم کی مقدار کو کنٹرول کرتا ہے یوں مولی بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھتی ہے۔
ہاضمہ :
مولی ہاضمے کو رواں کرتی ہے اور غذائی نالی کی سوزش کو ختم کرنے کا اہم ذریعہ بھی ہے۔
چقندر:
لال اور گلابی سا چقندر تو آپ نے کھایا ہوگا اور صرف سلا دسمجھ کر کھا یا ہوگا مگر کبھی ان فوائد کے لیئے بھی استعمال کریں اور پائیں بھرپور صحت۔
بلڈ پریشر :
چقندر میں نائٹریٹس اور نائٹرک آکسائیڈپایا جاتا ہے جو خون کی شریانوں کو پھیلنے میں مدد دیتا ہے یوں اس کااستعمال بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے میں مدد دیتا ہے۔
توانائی :
نائٹرک آکسائیڈ کی وجہ سے جسم میں تمام مسلز کو زیادہ آکسیجن ملتی ہے جو کہ جسم کو توانائی رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
قبض :
چقندر میں فائبر ہوتے ہیں جو قبض کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے اور کھانا جلد ہضم ہونے لگتا ہے۔
اینٹی آکسائیڈنٹس :
یہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھر پور ہوتے ہیں جو کہ جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز کے نقصانات کو کنٹرول کرتے ہیں اور جسم کو محفوظ بناتے ہیں۔
حاملہ خواتین :
اس میں بڑی تعداد میں آئرن موجود ہوتا ہے جو ریڈ بلڈ سیلز بنانے میں مدد دیتا ہے اور ماں بچے کی صحت کے لیئے مفید بھی ہے۔
شلجم:
گلابی اور سفید رنگ کا شلجم کھانے سے بھی ایسے ہی کچھ فوائد ہماری صحت کے لیئے موجود ہیں جو ہمیں معلوم بھی نہیں ہیں ۔ اس میں کاربوہائیڈریٹس، کیلشیئم، فولاد، پروٹین، فاسفورس ،سلفر، آئیوڈین، آئرن، تانبا ، وٹامن بی، ون، بی ٹو،نیاسین، بی 6 ، سی اور وٹامن پی پائے جاتے ہیں۔
بینائی:
شلجم بینائی کو بڑھانے میں مفید ہوتا ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے پایا جاتا ہے۔
پیشاب:
یہ پیشاب کی جلن اور مثانے کے مسائل کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے اور ساتھ ہی ہاضمہ کا عمل آسان بناتا ہے۔
کھانسی:
پرانی کھانسی، خشک کھانسی غرضیکہ گلے کے تمام مسائل میں چقندر مددگار ہوتا ہے۔
رنگت:
اگر آپ چاہتے ہیں چقندر کی طرح گلابی ہوجائیں تو اس کا استعمال کھانے اور پینے میں لازمی کریں۔