چین کے شہری ژانگ شوپنگ پرندوں کی طرح ہوا میں پرواز کرنے والے پہلے معروف ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اپنی حیرت انگیز مہارت سے سب کو حیران کردیا ہے۔
آج ہم آپ کو دکھائیں گے کہ ژانگ شوپنگ کس طرح بلند اور خطرناک پہاڑی سلسلوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے لوگوں کو رشک کرنے پر مجبور کردیتے ہیں، ژانگ شاپنگ خصوصی طور پر تیار کردہ وِنگ سوٹ پہن کر اونچائی سے چھلانگ لگاتے ہیں اور پرندوں کی طرح ہوا میں رُخ بدلتے ہیں اور ساتھ ہی اپنی اُڑنے کی رفتار کو کم اور زیادہ بھی کر لیتے ہیں۔
ژانگ شوپنگ نے حال ہی میں وسطی چین کے صوبے بنان کے ژانگ جیاجی نیشنل پارک کے دشوار ترین پہاڑی سلسلے میں بھی پرواز کر کے اپنے فن کا بخوبی مظاہرہ کیا، یہ لال رنگ کا بیٹ مین جیسا وِنگ سوٹ ژانگ شوپنگ نے امریکہ سے خصوصی طور پر 10 ہزار ڈالر میں تیار کروایا ہے، اور اس وِنگ سوٹ کے پروں پر دیوارِ چین کی نقش کاری بھی کی گئی ہے۔
حیرت انگیز مہارت رکھنے والے چائینہ کے ایتھلیٹ نے بتایا کہ جب وہ ہوا میں پرواز کرنے کے لئے چھلانگ لگاتے ہیں تو ہوا کے دباؤ سے ان کے اس سوٹ کے مخصوص حصے سخت ہو جاتے ہیں جس سے انہیں اُڑنے میں مدد ملتی ہے، ہوا میں پرواز مکمل ہوجانے کے بعد ژانگ شوپنگ پیراشوٹ کے زریعے واپس زمین پر آجاتے ہیں۔
ژانگ نے بتایا کہ انہیں کچھ مختلف کر دکھانے کا شوق یہاں تک لے آیا کہ آج انہیں پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، انکا کہنا تھا کہ اُن کے گھر والے اس خطرناک کرتب پر اُن کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس سے اُن کے ارادے اور مضبوط ہو جاتے ہیں، تاہم ژانگ شاپنگ ہر طرح کے حفاظتی اقدامات کا بھرپور خیال بھی رکھتے ہیں۔