پرنس آف ویلز پرنس چارلس کی اہلیہ ڈیانا ناصرف خوبصورت شکل کی مالک تھیں بلکہ ان کی شخصیت بھی انتہائی دلکش تھی۔ انہوں نے غریب عوام کے لیے بے شمار کام کیے۔ ڈیانا فرانسس سپنسر نے 1 جولائی 1961 کو اس دنیا میں قدم رکھا۔ وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ ڈیانا جب 7 برس کی تھیں تو ان کے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی جس کی وجہ سے وہ کبھی اپنے والد اور کبھی اپنی والدہ کے پاس رہا کرتی تھیں۔
آئیے اب ہم آپ کو شہزادی کے بارے میں 5 ایسے حیران کن سچ بتاتے ہیں جو یقیناً اس سے قبل آپ نے کبھی نہیں سنے ہوں گے۔
ڈیانا پڑھائی سے دور بھاگتی تھیں
لیڈی ڈیانا کو نویں جماعت تک گھر میں ہی تعلیم دی گئی، جس کے بعد انہیں بورڈنگ اسکول میں بھیجا گیا۔ یہ اپنے او لیولز میں 2 مرتبہ فیل ہوئیں جس کے بعد انہیں اسکول سے نکال دیا گیا، اس وقت ان کی عمر 16 برس تھی۔ پرنس چارلس سے ملاقات سے پہلے انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں محض کچھ ماہ تعلیم حاصل کی۔
شہزادی بننے سے پہلے لوگوں کے کپڑے بھی دھوئے
شہزادی ڈیانا کسی کام کو چھوٹا نہیں سمجھتی تھیں، یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے بہت سے ایسے کام کیے جنہیں لوگ اچھا نہیں سمجھتے۔ ڈیانا پرنس چارلس سے ملنے سے قبل بچوں کو سنبھالنے کی نوکری کیا کرتی تھیں۔ اس کے علاوہ ڈیانا نے لوگوں کے کپرے بھی دھوئے ہیں، اور صفائی کا کام بھی کیا۔ ڈیانا نے اسکول میں چھوٹے بچوں کی ٹیچر کی نوکری بھی کی۔
ڈیانا کی چارلس سے ملاقات
پرنس چارلس لیڈی ڈیانا کے دور کے کزن تھے جبکہ وہ ان کی بڑی بہن سارا کے دوست بھی تھے، اور ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے تھے تاہم ڈیانا کی طویل ملاقات اپنی بہن کے توسط سے شہزادہ چارلس سے ہوئی۔ بعدازاں ان کی دوستی اتنی گہری ہوگئی کہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ 1981 میں چارلس اور ڈیانا کی منگنی ہوئی جبکہ اس سے قبل دونوں نے 12 بار ملاقات کی۔
بالکل عام سی ماں
ڈیانا نے اپنے بچوں کی پرورش ایک عام ماں کی طرح کی۔ شہزادہ ولیم شاہی خاندان کے پہلے بچے تھے جو نرسری میں داخل ہوئے اور گھر میں استاد سے پڑھنے کے بجائے دوسرے بچوں کی طرح سکول گئے۔ شہزادہ علیم کے مطابق ان کی ماں ایک شرارتی ماں تھیں۔
3 مرتبہ پاکستان کا دورہ
شہزادی ڈیانا نے اپنی زندگی میں 3 مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا۔ 1991 میں شہزادی چارلس کے بغیر پاکستان آئیں، جبکہ 1992 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔ دوسرا دورہ انہوں نے 1996 میں کیا جب اپنا وقت پاکستان میں دوست عمران خان اور ان کی اہلیہ جمائمہ کے ساتھ گزارا۔ تاہم ان کا تیسرا دورہ 1997 میں ہوا۔