دنیا کے کسی بھی ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ملک میں پیٹرول کی قیمت کا اُتار چڑھاؤ ہوتی ہے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کونسے ممالک ہیں جن میں سب سے سستا یا مہنگا پیٹرول ملتا ہے؟
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پیٹرول کی قیمت کا ماہانہ یا 15 روز کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے، تاہم بھارت سمیت دنیا کے چند ایسے ممالک بھی ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کیا جاتا ہے۔
30 نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 162 روپے 30 پیسے پاکستانی روپے ہے۔
دنیا میں سب سے زیادہ مہنگا پیٹرول ہانگ کانگ میں ہے جو کہ ہانگ کانگ ڈالر میں 17.65 ڈالر ہے جبکہ اس کی قیمت
پاکستانی روپے کے مطابق 364 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہے۔
مہنگے ترین پیٹرول کی فہرست میں شام دوسرے نمبر پر ہے جہاں فی لیٹر پیٹرول 942.99 سیرین پاؤنڈز جبکہ 326 پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے، تیسرے نمبر پر سینٹرل افریقن ریپبلک ہے جہاں اس کی فی لیٹر قیمت 1082.67 ہے جو کہ پاکستانی روپے کے مطابق 320 روپے 42 پیسے فی لیٹر ہے۔
اس کے برعکس دنیا میں سب سے سستا پیٹرول وینزویلا میں میں دستیاب ہے جہاں پاکستانی روپے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ وینزویلا کرنسی (وی ای ایف) کے مطابق 4829.67 ہے، دوسرے نمبر پر ایران میں سب سے سستا پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے جس کی قیمت 2421.93 ایرانی ریال اور پاکستانی روپے کے مطابق 9 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100.69 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 105 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہے۔