مراکش اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے پر راضی، مراکش اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے والا چوتھا ملک بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اعلان کیا ہے کہ آج ایک تاریخ رقم ہوئی ہے، امریکہ کے دوست ممالک مراکش اور اسرائیل ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنے پیغام میں اِسے مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مراکش اور اسرائیل نے معاہدے کے تحت باضابطہ اور مکمل سفارتی تعلقات قائم کر لئے ہیں اب مراکش تمام اسرائیلی پروازوں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے گا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے عوض صدر ٹرمپ نے مغربی صحارا پر مراکش کے دعوے کو قبول کر لیا ہے، تاہم اب امریکا نے مغربی صحارا کے علاقے پر مراکش کا اختیار تسلیم کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات، سوڈان اور بحرین اسرائیل سے تجارتی اور سفارتی معاہدے طے کر چکے ہیں تاہم اب مراکش وہ چوتھا ملک ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔