عارضی طور پر پاکستانی شوبز صنعت سے سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے معروف اداکار حمزہ علی کا شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے واضح بیان سامنے آگیا۔
گزشتہ سال نومبر میں اداکار نے اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے احکامات کے مطابق اور انسانیت کی فلاح اور بہبود میں گزاروں گا، اب میں ٹیلی وژن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اللہ کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے استعمال کروں گا۔
تاہم اس کے کچھ عرصے بعد ہی سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی شوبز میں واپسی کی خبریں گردش کرنے لگیں جس کے بعد انہیں مداحوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اب اپنے حالیہ ویب انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے شوبز سے توبہ کرلی تھی، مجھے حیرت ہے کہ میری ویڈیو اب بھی میرے یوٹیوب چینل اور انٹرنیٹ پر موجود ہے لیکن کسی نے بھی اس پوری ویڈیو کو جو صرف 17 منٹ کی ہے دیکھنے کی زحمت گوارا نہ کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس وقت یہ لفظ دانستہ (جان بوجھ کر) طور پر استعمال کیے تھے کہ میں شوبز چھوڑرہا ہوں لیکن اس لیے نہیں چھوڑ رہا کہ میرے خیال میں اسلام میں یہ حرام ہے بلکہ میں نے اپنی ویڈیو میں واضح طور پر یہ الفاظ کہے تھے کہ اگر فن کی ہر وہ شکل جو اللہ کے متعین کردہ حدود میں رہ کر استعمال کیا جائے تو نہ صرف وہ حلال ہے بلکہ اس وقت کی شدید ضرورت بھی ہے۔
حمزہ عباسی کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری سے کنارہ کشی سے متعلق ویڈیو میں، میں نے کہا تھا کہ میں اس لیے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں کیوںکہ میں نے اب پڑھنا ہے اور میں نے اسے لوگوں کے ساتھ شئیر کرنا ہے اور کیونکہ پڑھنا وقت طلب ہے، اگر میں میڈیا پر رہ کر شوٹنگ میں مصروف رہوں گا تو نہ پڑھ سکوں گا نہ آپ سے گفتگو کرسکوں گا۔
واضح رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی نے سال 2006 میں شوبز میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ فلمی دنیا میں سال 2010 میں قدم رکھا۔