برطانوی کامیڈین، مصنف، ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور کمپوزر چارلی چپلن کے مداح ناصرف ان کے دور میں موجود تھے بلکہ آج بھی کئی ایسے لوگ ہیں جو ان کی فلمیں اور گانے سننے کا شوق رکھتے ہیں۔
تاہم آج ہماری ویب آپ کو پاکستانی چارلی چپلن کی کہانی بتانے جا رہی ہے۔
جی ہاں! پشاور کی سڑکوں پر کالے کوٹ، پینٹ، ٹوپی اور ایک چھڑی کے ساتھ گھومتا یہ شخص جو کہ چارلی چپلن معلوم ہوتا ہے، حقیقت میں کون ہے؟
دراصل یہ شخص 28 سالہ عثمان خان ہیں جو کہ کورونا کے دوران ہوئے لاک ڈاؤن میں راتوں رات مشہور ہو گئے۔ عثمان کورونا کی وبا آنے سے قبل سڑک کنارے کھلونے فروخت کیا کرتے تھے۔
رائٹرز کو دیے اپنے انٹرویو کے دوران عثمان خان نے بتایا کہ ''جب کورونا وائرس کی لہر نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور لوگ مختلف قسم کی پریشانیوں میں مبتلا تھے جبکہ کچھ نے تو زندگی سے ہار مان لی تھی، اس وقت میں نے چارلی چپلن کی ویڈیوز دیکھیں اور سوچا کیوں نا ان کے جیسی اداکاری کی جائے''۔
انہوں نے بالکل چارلی چپلن جیسا حلیہ بنایا اور شہر کی سڑکوں پر نکل پڑے۔ لوگ ان کے اس انداز سے خوب محظوظ ہوتے اور کچھ افراد ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنواتے۔
عثمان خان کے مطابق لوگوں کو خاموشی سے ہنسانا اور ان کے دل جیتنا ایک مشکل ترین کام ہے۔
عثمان نے بتایا کہ ''مجھے ترکیب سوجھی کہ کیوں نا میں اپنے نام سے ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بناؤں اور ویڈیوز وہاں اپ لوڈ کروں، انہوں نے اکاؤنٹ بنایا اور تمام ویڈیوز وہاں اپ لوڈ کر دیں''۔
عثمان کی شہرت میں راتوں رات اضافہ ہوا، جبکہ اب ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 800,000 کے قریب ہے۔
عثمان چاہتے ہیں کہ ملک کے نامور ٹی وی ڈائریکٹر اور پروڈیوسرز ان کی صلاحیتیں دیکھیں اور انہیں کام کرنے کا موقع فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ''جب بھی میں گھر سے نکلتا ہوں تو اپنے تمام مسائل کا دروازہ بند کر کے نکلتا ہوں، تاکہ دوسروں کے لیے خوشیوں کا سبب بن سکوں''۔
٭ آپ کی اس حوالے سے کیا رائے ہے؟ ہمیں ضرور آگاہ کریں، ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں بتائیں۔