پاکستان کے مشہور و معروف اینکر پرسن اقرار الحسن کی گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اپنے پروگرام کے دوران ایک شخص کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا گیا،جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان پر شدید غم و غصے کا اظہار کرنا شروع کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران اقرار الحسن نے ایک شخص کو تھپڑ مارا، اس ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیا تو وہیں اقرار الحسن کی جانب سے اس واقعے پر وضاحتی پیغام سامنے آیا جس پر انہوں نے معافی مانگی۔
اینکر اقرارالحسن نے اپنے وضاحتی بیان میں لکھا کہ ’12 سالہ بچی کو باندھ کر اس کی برہنہ ویڈیو بنانے والے شخص کو میں نے تھپڑ کیوں مارا؟ صرف وجہ بتا رہا ہوں، اپنے اس عمل کا دفاع نہیں کر رہا۔
اینکر پرسن نے کہا کہ ’ویڈیو دیکھیں گے تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ میری جگہ آپ ہوتے تو آپ بھی یہی کرتے، پھر بھی میرے ہاتھ اٹھانے کا کوئی جواز نہیں۔ مجھے ندامت ہے۔‘
ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ ’جب ہم اس بلیک میلر کو تلاش کرنے میں کامیاب ہو گئے تو اس نے لڑکی پر الزام لگایا گیا کہ میری کار سے ڈیڑھ لاکھ روپے چوری کیے۔
ملزم کو تھپڑ رسید کرنے پر معافی مانگتے ہوئے ٹی وی میزبان نے کہا کہ اس شخص کی گھناؤنی حرکت کی وجہ سے وہ اپنا کنٹرول کھو بیٹھے۔