کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پسند کی شادی کرنے والے شخص کو ماموں سمیت قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق نادرن بائی پاس پر واقع اتحاد ٹاؤن محمد خان کالونی میں گلشن چوک کے قریب مکان میں فائرنگ سے جاں بحق 2 افراد کی لاشیں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ شمن علی ولد عبدالصمد عمر اور 40 سالہ محمد اسحاق حسین ولد بالاج خان جبکہ زخمی کی شناخت 45 سالہ عبداللہ ولد بالاج خان کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقتول شمن علی بولان سے جتوئی قبیلے کی لڑکی کو بھگا کر لایا تھا، پولیس کے مطابق لڑکی کے ورثا نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے ماموں بھانجے کی جان لی جبکہ فائرنگ سے مقتول کا دوسرا ماموں زخمی بھی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ 4 ملزمان کی جانب سے کی گئی ہے جو 2 موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے جبکہ مسلح ملزمان لڑکی کو ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔
موقع پر موجود منگوپیر پولیس نے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا ہے، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔