کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ ایڈوکیٹ نے عمران خان کونقصان پہنچنے کی صورت میں خودکش حملے کی دھمکی دے دی ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ ایڈوکیٹ نے ویڈیو بیان میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ملک چلانے والے سوچ لیں عمران خان کو کچھ ہوا تو نہ آپ رہیں گے نہ آپ کے بچے۔ سب سے پہلے میں آپ پر خود کش حملہ کروں گا اور چھوڑوں گا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بال کو بھی نقصان پہنچا تو سب سے پہلے میں خود کش حملہ کروں گا اور ایسے ہزاروں کارکن تیار ہیں۔ آپ کیا سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ واپسی کے حوالے سے کہا تھا کہ عمران نیازی کو بنی گالا میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں، قانون کے مطابق ان کو سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے، عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی یہی سیکورٹی عمران نیازی کو بڑی خوش اسلوبی سے گرفتار کرلے گی۔
انہوں نے کہ اتھا کہ عمران نیازی ملک میں ہنگامہ آرائی،فتنہ وفساد، افراتفری پھیلانے اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے، عدالتی ضمانت ختم ہونے پر گرفتار کرلیا جائیگا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں فساد فی العرض برپا کرنے والا وہ شخص جو اخلاقی اورجمہوری قدروں سے یکسرعاری ہو اوراپنے مخالفین کو کبھی غداراور یزیدکہہ کر پکارتا ہوا،کس طرح ایک جمہوری معاشرے میں ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے؟ ،یہ پوری قوم کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عثمان ڈار وفاقی وزیرداخلہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رانا ثناء اللہ سن لو، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔ ہماری ریڈ لائن کراس نہ کرنا۔اگر آپ نے ریڈ لائن کراس کرنے کی کوشش کی تو اگلے پچھلے سارے حساب برابر ہوں گے۔
انہوںنے کہاکہ عہدے کی طاقت، ریاستی مشینری کے پیچھے چھپنے والوں کو عوام سبق سکھائیں گے۔عوام انہیں وہ سبق سکھائیں گے کہ یہ عمران خان کا نام لینا بھی بھول جائیں گے۔