یورپی مسلمان رمضان میں اسرائیل کی کھجوروں کا بائیکاٹ کریں: فرینڈز آف الاقصیٰ

image

برطانیہ میں ایک نئے بائیکاٹ کے منتظمین نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ اس رمضان اسرائیل کی کھجوروں کا بائیکاٹ کریں۔

عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو برطانیہ میں ایک غیرسرکاری تنظیم فرینڈز آف الاقصیٰ (ایف او اے) جس نے اس بائیکاٹ مہم کا آغاز کیا، کہا کہ یورپ بھر کے مسلمان پھلوں کے لیبل چیک کریں اور کھجوریں خریدنے سے گریز کریں۔

فرینڈز آف الاقصیٰ کے شمی ال جاردر نے کہا کہ ’اس رمضان اسرائیلی کھجوریں نہ خرید کر مسلم کمیونٹی فلسطین میں اسرائیل کے غیرقانونی قبضے اور نسل پرستی کے خلاف مذمت کا واضح اور مضبوط پیغام بھیج سکتی ہے۔

ایف او اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل دنیا میں میدجول کھجوریں پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اسرائیل کی 50 فیصد کھجوریں یورپ میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں۔

’یہ یورپ میں بڑی مارکیٹوں اور دکانوں میں فروخت ہوتی ہیں۔‘

ایف او اے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 2020 میں برطانیہ نے اسرائیل سے تین ہزار ٹن کھجوریں امپورٹ کیں جن کی مالیت تقریباً 89 لاکھ ڈالر تھی۔

ایف او اے نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ رواں برس اب تک اسرائیل نے 13 بچوں سمیت 62 فلسطینیوں کو ہلاک کیا۔

اس نے مزید کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت گھروں کی مسماری کو خطرناک حد تک بڑھا رہی ہے اور غیرقانونی بستیوں کی توسیع کا وعدہ بھی کیا ہے۔

ایف او اے نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ ’اسرائیل نسل پرستی کی جرم کا ارتکاب کر رہا ہے اور یورپی ریاستیں اسرائیل پر پابندیاں لگانے اور بین الاقوامی قوانین کو برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔

شمی ال جاردر نے کہا کہ اس رمضان اپنے عزم کی تجدید کا وقت آ گیا ہے  کہ ہم بائیکاٹ کریں، دوری اختیار کریں اور پابندیاں لگائیں۔‘

’ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ایک کمیونٹی کے طور پر ہم مضبوط ہیں۔ اسرائیل کی کھجوریں نہ خرید کر ہم اس عمل کے ذریعے اپنی آواز دنیا کو سنا سکتے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts