پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اٹلی میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات کی اطلاعات کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں۔اتوار کی رات ایک ٹویٹ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ’ہم اٹلی کے ساحل پر ڈوب جانے والی کشتی میں پاکستانیوں کی موجودگی کے امکانات سے متعلق اطلاعات کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’روم میں پاکستان کا سفارتخانہ حقائق معلوم کرنے کے لیے اطالوی حکام سے رابطے میں ہے۔‘خیال رہے اٹلی کے علاقے کلابریا کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شیر خوار بچے سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔سمندر کنارے موجود اطالوی شہر کروٹون کے میئر نے ٹی وی چینلز کو کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 59 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔We are closely following the reports about possible presence of Pakistanis in the vessel that has capsized off the coast of Italy. The Embassy of Pakistan in Rome is in the process of ascertaining facts from the Italian authorities.
— SpokespersonMoFA (@ForeignOfficePk) February 26, 2023
اس سے قبل فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا تھا کہ ڈوب کر ہلاک ہونے والے 43 افراد کی لاشیں سمندر کنارے پائی گئیں تھیں جبکہ 80 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ریسکیو سروس کر مطابق ڈوبنے والی کشتی میں 200 سے زائد افراد سوار تھے۔ واضح رہے دائیں بازو کے نظریات کی حامل اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے گذشتہ سال حکومت میں آنے کے بعد سمندر کے ذریعے اٹلی آنے والے افراد کی آمد کو روکنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔کلابریا کے قریب پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے اٹلی کی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ’حکومت تارکین وطن کی کشتیوں کی آمد کو روکنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کے ذریعے ایسے واقعات کی بھی روک تھام ہوسکے گی۔‘