اسلامی ممالک کی طالبان کے خواتین مخالف اقدامات کی مذمت

image
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق اسلامی حقوق ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کا احترام کیے گئے وعدوں کے مطابق کریں اور خواتین کے سیکنڈری اور کالج کی تعلیم پر پابندی کے اپنے فیصلے کو بھی واپس لیں۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر ایک روزہ کانفرنس ’اسلام میں خواتین‘ کا انعقاد ہوا جس میں متعدد ممالک کے عہدیداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان نے مغربی ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ اپنی کوریج میں مسلمان خواتین سے متعلق منفی دقیانوسی تصورات پر بات کریں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کانفرنس کے موقعے پر عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں سب نے افغانستان کی صورتحال پر بات کی اور اس پر مایوسی کا اظہار کیا کہ افغانستان میں خواتین کو نہ صرف ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا بلکہ حکومت ابھی تک تعلیم سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ یہ خاص طور پر بہت مایوس کن ہے کہ طالبان اسلام کو خواتین کے ساتھ اپنے سلوک کے جواز کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم میں شامل تمام ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور قرآن کا پہلا لفظ ہی ’پڑھو‘ ہے۔

اقوام متحدہ میں یمن کے نائب مستقل نمائندہ مروان علی نعمان نے طالبان کے اقدامات کو یمن میں ایرانی کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے اقدامات سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں گروپس خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق سے انکار کرتے ہیں۔

برطانوی وزیر مملکت لارڈ احمد آف ومبلڈن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے اور ملک تب ترقی کرتے ہیں جب خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہوں۔

لارڈ احمد نے کہا کہ تمام ممالک طالبان سے خواتین کو ان کے حقوق دینے کا مطالبہ کریں اور ان سے سوال کریں کہ ’آپ کیا کر رہے ہیں؟ یہ اسلام نہیں ہے۔‘

کانفرنس میں اسلامی ممالک کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت نورہ الکعبی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بہت سی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے اور ان سے متعلق فیصلے بھی کیے جاتے ہیں اور انہیں منظم طریقے سے صرف اس لیے خارج کر دیا جاتا ہے کہ وہ خواتین ہیں۔

انہوں نے طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

کویت کی سماجی امور اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی وزیر اور خواتین اور بچوں کے امور کی وزیر مملکت می جاسم محمد البغلی نے مسلمان خواتین سے منسلک دقیانوسی تصوارت کا مقابلہ کرنے کی کوششوں پر زور دیا ہے اور اس بات کی نشاندہی کی کہ اسلام میں مرد اور خواتین کو برابر سمجھا جاتا ہے۔

اردن کی سماجی ترقی کی وزیر وفا بنی مصطفٰی نے کہا کہ ’ان کا ملک جو دنیا میں پناہ گزینوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی کا میزبانی کرتا ہے اور خواتین پناہ گزینوں کو خاص اہمیت دیتا ہے اور اسلام کے انسانیت پسندانہ پیغامات اور اردن کے عوام کے اقدار کی بنیاد پر انہیں باوقار زندگی کی ضمانت دیتا ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.