فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انڈین اداکارہ کرینہ کپور نے ایک کلپ شیئر کیا جس میں ’تھری ایڈیٹس‘ کے تینوں مرکزی کردار عامر خان، شرمن جوشی اور مادھون ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔اداکارہ کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو نے افواہوں کو جنم دیا ہے کہ شاید ’تھری ایڈیٹس‘ کے سیکوئل پر کام ہو رہا ہے۔ویڈیو میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتا چلا ہے کہ جب میں چھٹیوں پر تھی تو یہ تینوں کچھ کر رہے تھے۔ یہ پریس کانفرنس کا سین جو گردش کر رہا ہے یہ ایک راز تھا جو ان تینوں نے ہم سے چھپایا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’کچھ تو گڑبڑ ہے اور یہ نہ کہیے گا کہ یہ شرمن جوشی کی کسی فلم کی پروموشن ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ لوگ سیکوئل بنا رہے ہیں۔‘
View this post on Instagram A post shared by Kareena Kapoor Khan (@kareenakapoorkhan)
کرینہ کپور کی ویڈیو کے بعد فلم کے ایک اور کردار ’وائرس‘ یعنی بومن ایرانی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’آپ لوگ جو بھی کر رہے ہو یہ باہرآگیا ہے اور کلپ بھی وائرل ہوگیا؟‘
View this post on Instagram A post shared by Boman Irani (@boman_irani)
انہوں نے مزید کہا کہ ’تم لوگ وائرس کے بنا تھری ایڈیٹس کے بارے میں سوچ بھی کیسے سکتے ہو؟ یہ تو اچھا ہے کہ کرینہ نے مجھے فون کر کے بتا دیا ورنہ مجھے تو کبھی پتا ہی نہیں چلتا۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘خیال رہے کہ راج کمار ہیرانی کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں عامر خان، شرمن جوشی اور مادھون نے کالج سٹوڈنٹس کے کردار نبھائے تھے جبکہ اس فلم میں ’وائرس‘ کا کردار بومن ایرانی نے نبھایا تھا۔’تھری ایڈیٹس‘ میں کرینہ کپور نے عامر خان کی محبوبہ کا کردار ادا کیا تھا۔ راج کمار ہیرانی کی جانب سے اس فلم کے سیکوئل بنانے یا نہ بنانے کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔