معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان میں خیر کے سوا کچھ نہیں دیکھا، میرے نزدیک عمران خان اچھا اور نیک آدمی ہے، یہ ایک ہی اکیلا لیڈر ہے جو سیاست کے ممبر سے اللہ اور اس کے رسول کی بات کرتا ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ہم لوگوں کی خوبیاں نہیں خامیاں دیکھتے ہیں۔کسی میں سو خوبیاں ہوں اور ایک خامی ہو تو اس ایک پر ہم سو خوبیوں کو زیرو کر دیتے ہیں۔
میں نے ہمیشہ خوبیوں پر دھیان دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے 3 سال بازار حسن میں لگائے اور وہاں کئی لوگوں کی توبہ کروائی، کئی لوگوں کی شادیاں کروائیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان میں خیر کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔جس طرح عمران خان نے لوگوں کو لاالہ الااللہ سمجھایا ہے ایسے تو علماء بھی نہیں سمجھاتے اور یہ ایک ہی اکیلا لیڈر ہے جو سیاست کے ممبر سے اللہ اور اس کے رسول کی بات کرتا ہے۔ ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ سیاست اب نفرت میں تبدیل ہو چکی ہے، آگے دشمنی میں تبدیل ہو جائے گی تو کسی فریق کو مخالف کی خوبی نظر نہیں آتی، عیب ہی نظر آتے ہیں۔پی ڈی ایم والوں میں بھی خوبیاں ہیں لیکن دونوں کو خوبیاں نظر نہیں آرہی، بس عیب ہی نظر آرہے ہیں۔