وراٹ کوہلی اور گوتم گھمبیر میں تلخ کلامی، دونوں کو بھاری جرمانے

image

انڈین کرکٹرز وراٹ کوہلی اور گوتم گمبھیر پر آئی پی ایل کے ضوابط توڑنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور رائل چیلنجرز بنگلور کے کھلاڑی وراٹ کوہلی لکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان پیر کو ہونے والے میچ کے بعد جھگڑا اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

لکھنؤ کے اٹل بہاری واجپائی سٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ رائل چیلنجرز نے کم سکور کے باوجود جیتا اور اس کے کھلاڑی خوشی منا رہے تھے، اسی وقت دونوں کرکٹرز کے درمیان شدید جھگڑا ہوا اور انہیں اونچی آواز میں بولتے ہوئے دیکھا گیا اور لوگوں کو بیچ بچاؤ کے لیے آگے بڑھنا پڑا۔

میچ ختم ہونے کے بعد وراٹ کوہلی اور گوتم گمبھیر نے ہاتھ ملائے اور بظاہر پرسکون نظر آنے کی کوشش کی مگر یہ وہ خاموشی ثابت ہوئی جو طوفان سے چند لمحے قبل ہوتی ہے۔

لکھنؤ سپر جائنٹس کے بلے باز کائلے مائرز وراٹ کوہلی کے قریب آئے اور کچھ کہا، اسی لمحے گوتم گمبھیر آئے اور کائلے مائرز کو ساتھ لے گئے مگر سب کو کچھ گڑبڑ کا احساس ہو چکا تھا۔

ویڈیوز کے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں کے درمیان تکرار شروع ہو گئی جو تیز ہوتی گئی اور کچھ کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر ایک دوسرے سے دور کیا۔

بعدازاں آئی پی ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’گوتم گمبھیر کو قوانین کی خلاف ورزی پر میچ کی سو فیصد فیس کا جرمانہ کر دیا گیا ہے۔‘

گوتم گمبھیر نے اعتراف کیا ہے کہ ان سے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل دو اعشاریہ 21 کی خلاف ورزی ہوئی۔

اسی طرح رائل چیلنجرز بنگلور کے بلے باز وراٹ کوہلی کو بھی پوری میچ فیس کا جرمانہ کیا گیا ہے اور انہوں نے بھی خلاف ورزی کو تسلیم کیا ہے۔

علاوہ ازیں لکھنؤ سپر جائنٹس کے بولر نوین الحق کو میچ فیس کے 50 فیصد حصے کا جرمانہ کیا گیا ہے اور ان پر بھی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

آئی پی ایل انتظامیہ اور بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل دو اعشاریہ 21 کی خلاف ورزی کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.