نیپال ایشیا کپ میں، ’یقینی بنائیں پاکستان اور انڈیا کے مسائل سے ٹورنامنٹ برباد نہ ہو‘

image
نیپال نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) پریمیئر کپ کے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر رواں سال ستمبر میں پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

منگل کو نیپال نے کرتیپور کرکٹ سٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کو سات وکٹوں سے شکست دی اور اپنی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشیا کپ تک رسائی حاصل کی۔

اے سی سی پریمیئر کپ جیتنے کے بعد نیپال ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی چھٹی ٹیم بن گئی ہے جہاں اسے پاکستان اور انڈیا کے گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انڈین کرکٹ بورڈ نے تاحال پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے جس کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ پر بے یقینی کی تلوار لٹکی ہوئی ہے۔

ایشیا کپ 2023 کے میزبانی کے حقوق پاکستان کے پاس ہیں تاہم انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ، جو کہ اے سی سی کے چیئرمین بھی ہیں، نے واضح کیا تھا کہ انڈین ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں جائے گی۔

اسی سلسلے میں پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے ’ہائبرڈ ماڈل‘ تجویز کیا تھا جس کے تحت ٹورنامنٹ کے سارے میچز سوائے انڈیا کے پاکستان میں جبکہ انڈیا کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔

نیپال کے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد ٹیم کے فینز نہ صرف خوش ہیں بلکہ پاکستان اور انڈیا سے اپنے معاملات سُلجھانے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

نیپالی بزنس مین چندن گُپتا نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’انڈیا اور پاکستان تیار ہو جائیں، ہم بھی ایشیا کپ 2023 میں ہیں۔‘

انہوں نے پاکستانی اور انڈین کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرکے مزید لکھا کہ ’نیپالی کرکٹ ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو شکست دینے کے بعد ایشیا کپ میں داخل ہو کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ یقینی بنائیں پاکستان اور انڈیا کے مسائل کی وجہ سے ایشیا کپ برباد نہ ہو ورنہ نیپال کرکٹ فینز آپ کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔‘

Dear India & Pakistan, be ready! We are in the Asia Cup 2023. The Nepali Cricket team makes history today by beating UAE and entering #AsiaCup @BCCI @ICC Make sure Asia Cup is not ruined by Ind-Pak issues! Nepali cricket fans will never forgive! pic.twitter.com/TUWHVdzNmI

— CG (@chandangoopta) May 2, 2023

جے شاہ کی جانب سے بھی نیپال کو ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی گئی۔ کرن گھیمیری نامی نیپالی صارف نے جے شاہ کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’امید کرتے ہیں کہ محنت سے حاصل کیا گیا یہ موقع پاکستان اور انڈیا کے سیاسی لڑائی کی وجہ سے ضائع نہ ہو۔‘

I just hope we don't have to lose this hard earned opportunity due to the political tussle of india & pakistan.@JayShah#AsiaCup2023 https://t.co/nH9pd9rr5Q

— Kiran Ghimire (@Tweetsby_kiran) May 2, 2023

اس حوالے سے پریمیئر کپ کا فائنل دیکھنے آئے ہوئے ایک نیپالی کرکٹ فین کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ سندیپ پانڈے ہاتھ میں پوسٹر لیے کھڑے ہیں جس پر لکھا ہے کہ ’ڈیئر پاکستان، ہم آپ کے گھر ایشیا کپ کھیلنے آ رہے ہیں۔‘

A message from cricket fan Nepal for Asia Cup host nation Pakistan #ACCPremierCup || #NepalCricket #NEPALvsUAE || #ViratKohli #AsiaCup2023 || #AsiaCup pic.twitter.com/IbLtqsBjFY

— ICC (@ICCAsia_) May 2, 2023

یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ ایشیا کپ متحدہ عرب امارات منتقل کرنا چاہتا ہے۔ خیال رہے 2018 اور 2022 کا ایشیا کپ بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس کے اصل میزبان بالترتیب انڈیا اور سری لنکا تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.