ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ کس شہر میں ہوگا؟

image
رواں برس انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ ممکنہ طور پر 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ چھ اکتوبر کو کوالیفائی کرنے والی ٹیم کے ساتھ حیدر آباد دکن میں کھیلے گا۔

اسی طرح انڈیا میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

ورلڈ کپ کا آغاز پانچ اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈ کپ کے شیڈول کا ڈرافٹ آئی سی سی سے شیئر کر دیا ہے جس کے بعد اسے ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے بورڈز کو بھجوایا جائے گا جب کہ حتمی شیڈول اگلے ہفتے کے آغاز میں جاری کیا جائے گا۔

ڈرافٹ شیڈول میں ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل کے وینیوز کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔

کرک انفو کو ملنے والی معلومات کے مطابق انڈیا اپنے ورلڈ کپ کے میچ نو مختلف شہروں میں کھیلے گا۔

Blockbuster release date: 15th October

https://t.co/MJYt8fWdy4 pic.twitter.com/zMAMe97jce

— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) June 12, 2023

اگر ڈرافٹ شیڈول میں انڈیا کے میچز کو دیکھا جائے تو میزبان ٹیم آٹھ اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد انڈیا کا افغانستان سے نئی دہلی میں 11 اکتوبر کو مقابلہ ہو گا۔

انڈیا اپنا تیسرا میچ روایتی حریف پاکستان کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلے گا۔ اسی طرح انڈیا کا چوتھا میچ 19 اکتوبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف ہو گا۔

2011 کی عالمی چیمپیئن ٹیم اپنا پانچواں میچ 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے گی جبکہ اس کا چھٹا میچ 29 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف لکھنؤ میں ہو گا۔

اسی طرح دو نومبر کو انڈین ٹیم کوالیفائر ٹیم کے خلاف اپنا ساتواں میچ ممبئی میں  کھیلے گی جبکہ اس کا آٹھواں میچ پانچ نومبر کو کولکتہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔

انڈٰین ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 11 نومبر کو بنگلور میں کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔

دوسری جانب پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے میچ حیدر آباد دکن، کولکتہ، چنئی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے گا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 12 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اگر میگا ایونٹ میں پاکستان کے میچز کی بات کی جائے تو بابر اعظم کی ٹیم چھ اکتوبر کو حیدر آباد دکن میں کوالیفائر ٹیم سے اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ اسی طرح 12 اکتوبر کو گرین شرٹس کا مقابلہ دوسری کوالیفائر ٹیم سے حیدر آباد دکن میں ہی ہو گا۔

پاکستان 15 اکتوبر کو اپنا تیسرا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف احمد آباد میں کھیلے گا جبکہ اس کا چوتھا میچ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں ہو گا۔

اسی طرح 23 اکتوبر کو پاکستان افغانستان کے خلاف چنئی میں اپنا پانچواں میچ کھیلے گا جبکہ 27 اکتوبر کو گرین ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف چنئی میں ہی ہو گا۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا ساتواں میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گی جبکہ اس کا آٹھواں میچ بنگلور میں نیوزی لیںڈ کے خلاف پانچ نومبر کو ہو گا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا آخری راؤںڈ میچ 12 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گا۔

ورلڈ کپ کے دوسرے بڑے میچز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا 29 اکتوبر کو دھرم شالہ میں میچ شیڈول ہے جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ چار نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ یکم نومبر کو پونے میں ہو گا۔

خیال رہے ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں ابھی چار ماہ باقی ہیں تاہم اس کا حتمی شیڈول ابھی تک نامعلوم وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہے۔

2015 اور 2019 کے ورلڈ کپ کا شیڈول ایونٹ سے ایک سال قبل جاری کر دیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.