لیونل میسی سعودی عرب سے کتنے کروڑ ڈالر کما رہے ہیں؟

image

ارجنٹائن کو فیفا ورلڈکپ جتوانے والے لیونل میسی نے سعودی کلب الہلال سے کھیلنے کی پیشکش کو مسترد کیا ہے تاہم وہ سعودی عرب کے سیاحتی سفیر کے طور پر پرکشش معاہدے سے کروڑوں ڈالرز کما رہے ہیں۔

لیونل میسی نے سعودی عرب سے سیاحتی سفیر کے معاہدے پر سال 2021ء میں دستخط کیے تھے تاہم اس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں، سیاحتی سفیر ہونے کے ناطے سعودی عرب اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو 3سال کے دوران ڈھائی کروڑ ڈالرز یعنی (پاکستانی روپوں میں 7ارب 17کروڑ روپے سے زائد) معاوضہ ادا کرے گا جبکہ معاہدے کے تحت میسی کو سعودی مقامات کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کرنا ہوں گی۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کے خلاف کوئی منفی بیانات دینے سے گریز کرنا ہوگا،میسی رواں سال مئی میں اپنی فیملی کے ہمراہ سعودی عرب چھٹیاں منانے گئے تھے جس کی تصاویر بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جنہیں خوب پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ لیونل میسی کو سال میں ایک بار خاندان کے ہمراہ سعودی عرب آنے پر 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ سفری اخراجات بھی حکومت ہی ادا کرے گی۔

یاد رہے کہ پیرس سینٹ جرمن کلب چھوڑنے پر سعودی کلب الہلال نے انہیں 500ملین یورو (پاکستانی روپوں میں 1.5کھرب روپے سے زائد) کی پیشکش کی تھی لیکن میسی نے امریکی کلب انٹرمیامی کو ترجیح دی، میسی کا انٹر میامی سے معاہدہ طے پاگیا ہے لیکن تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.