ہندوستان نے اپنے چندریان 3 مشن کی کامیاب لانچنگ کے ساتھ چاند پر کنٹرول لینڈنگ کی طرف پیشقدمی شروع کردی ہے۔
چندریان جس کا سنسکرت میں مطلب ہے "چاند کی گاڑی"، نے دوپہر 2بج کر30 منٹ پر جنوبی آندھرا پردیش میں ستیش دھون خلائی مرکز سے اڑان بھری۔
تاریخ ساز لانچنگ کو دیکھنے کے لیے خلائی مرکز میں ہجوم جمع ہوا اور 10 لاکھ سے زیادہ لوگ یوٹیوب پر اس کو دیکھنے کے لیے موجود تھے۔
2019 میں چندریان2 کے ساتھ اس کی پچھلی کوشش ناکام ہونے کے بعد چاند پر لینڈنگ کی ہندوستان کی دوسری کوشش ہے۔ چندریان1 نے چاند کے گرد چکر لگایا اور پھر اسے 2008 میں چاند کی سطح پر جان بوجھ کر کریش لینڈ کیا گیاتھا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی طرف سے تیار کیا گیا، چندریان3 کو جدید انداز میں تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد چاند کی سطح پر محفوظ طریقے سے اترنا، ڈیٹا اکٹھا کرنا اور چاند کی ساخت کے بارے میں مزید جاننے کے لیے سائنسی تجربات کا ایک سلسلہ چلانا ہے۔
اس سے پہلے امریکہ، روس اور چین نے چاند کی سطح پر خلائی جہاز کو لینڈنگ کا پیچیدہ کارنامہ انجام دیا ۔ہندوستانی انجینئر برسوں سے اس لانچ پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد چندریان 3 کو چاند کے غیر دریافت شدہ جنوبی قطب کے مشکل علاقے کے قریب لینڈ کرنا ہے۔
ہندوستان کے پہلے قمری مشن، چندریان1 نے چاند کی سطح پر پانی کے مالیکیولز دریافت کیے۔ گیارہ سال بعد چندریان 2 کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا لیکن اس کا روور چاند کی سطح پر کریش لینڈ کر گیا۔ یہ بھی چاند کے قطب جنوبی کو تلاش کرنے والا تھا۔