نفسا نفسی کے دور میں جب آج لوگ انسانوں کی مدد کرنے سے کتراتے ہیں وہیں ایک بہادر نوجوان نے بے زبان جانور کیلئے اپنی زندگی داؤ پر لگاکر لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص نے انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر بے زبان جانور کی جان بچائی۔
انسٹاگرام پر افغانستان سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بھیڑ دلدل میں پھنس کر نکلنے کی جدوجہد کر رہی ہے جس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ایک نوجوان وہاں پہنچتا ہے جو بھیڑ کو بچانے کے لیے خود دلدل میں اترجاتا ہے اس کے پاؤں بھی کیچڑ میں دھنسنے لگتے ہیں اور ایسی ہی حالت میں کسی نہ کسی طرح رینگتا ہوا آگے بڑھتا ہے اور بہت مشکل سے بھیڑ کو بچا کر کیچڑ سے باہر نکال لاتا ہے۔
ویڈیو پر 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں اور لوگ اس شخص کی دل کھول کر تعریف کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں انسان انسانوں کی مدد کرنے سے کتراتے ہیں ایسے میں اس نوجوان نے ایک جانور کیلئے اپنی جان داؤ پر لگاکر حقیقت میں انسانیت کا فرض ادا کیا ہے۔