بھلے آپ کو جہاز کے سفر کا سالوں کا تجربہ ہو لیکن اگر اچانک جہاز ڈگمگانے لگے یا معلوم ہو کہ جہاز اڑانے والا پائلٹ اب مزید جہاز اڑانے کے قابل نہیں ہے کیونکہ اس کی طبعیت خراب ہورہی ہے تو لمحوں میں انسان کے حواس جاتے رہیں گے۔ لیکن یہ صورتحال حقیقت میں پیش آئی اور ایسے میں جہاز اڑایا ایک ایسی بوڑھی خاتون نے جنھیں اس سے پہلے اس کام کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔
یہ واقعہ پیش آیا امریکی ریاست میسا چوسٹس میں جہاں دوران پرواز اچانک پائلٹ کی طبیعت بگڑ گئی اور 68 برس کی بوڑھی خاتون نے جہاز اڑانے اور ہنگامی لینڈنگ کرنے کا بیڑا اٹھایا تا کہ تمام مسافروں کی قیمتی جان بچائی جاسکے۔
واضح رہے کہ جہاز کے پائلٹ کی عمر 79 برس تھی اور وہ فلائٹ کے دوران ناسازی طبعیت کا شکار ہوگئے تھے۔ منزل کے قریب پہنچ کر جہاز اڑانے کے قابل بھی نہ رہے۔ میسا چوسٹس پولیس کے مطابق جب طیارہ منزل کے قریب پہنچا تو پائلٹ کی طبیعت ناساز ہوگئی اور وہ جہاز اڑانے کے قابل نہیں رہے لیکن بوڑھی خاتون نے لینڈنگ کے لئے جہاز کا کنٹرول سنبھالا البتہ اس دوران جہاز کا ایک پر ٹوٹ گیا اور مسافر زخمی بھی ہوئے۔
لیکن ان کی ہمت نے تمام لوگوں کی جان بچا لی۔ خاتون کو خود بھی کافی چوٹیں آئیں تھیں جس پر انھیں طبی امداد دی گئی۔