ڈرامہ بے بی باجی کی ہر گزرتی قسط گھر گھر کی کہانی اور آنسوؤں کی زبانی بنتی جا رہی ہے۔ بیچاری بے بی باجی اپنے شوہر کی موت کے بعد بالکل تنہا پڑ گئیں ہیں۔ اب ان کو کوئی سنبھالنے والا نہیں ہے۔ ان کے بیٹوں نے اپنی بیویوں کی غلامی کرنے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ فلم باغبان میں آپ نے دیکھا کہ وہ میاں بیوی ایک دوسرے سے جدا نہیں رہنا چاہتے تھے جبکہ ان کے بچے ان کو اپنے گھروں میں رکھ رہے تھے چاہے وہ رویہ کیسا بھی ہو لیکن کم از کم والدین کے سر سے سایہ تو نہیں چھینا تھا۔ لیکن بے بی باجی کے بیٹے تو بیویوں کے آنچل سے بندھے ہوئے ہیں اور اپنی ماں کو ہی چھوڑنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
بے بی باجی کا ڈرامہ اس وقت پاکستان کے تقریباً ہر گھر میں کسی نہ کسی طرح دیکھا جا رہا ہے کوئی اس کو یوٹیوب پر دیکھ رہا ہے تو کوئی ٹی وی پر، کوئی فیس بک ریلز کی صورت میں دیکھ رہا ہے تو کسی نے یوٹیوب شارٹس میں اس کو دیکھا، ہر آنکھ ماں کے لیے پریشان ہے کہ بیچاری اب کہاں جائے گی؟
بے بی باجی کے لیے سب سے زیادہ اگر اس وقت سوچنے والا کوئی بیٹا ہے تو وہ ولید ہے لیکن جمال نے پیسے کمانے کی غرض سے اس کو لاہور بھیج دیا ہے۔ لاہور جانے والے ولید کو تو یہ بھی معلوم نہیں ہے اس کی چالاک بھابیاں کیسے اس کی ماں کو در بدر کر رہی ہیں۔ وہیں دوسری جانب ولید کی پسند، شہناز کی بیٹی بھی کسی اور کی ہونے جا رہی ہے۔ کیا اب باغبان کی طرح ولید واپس آ کر اپنی ماں کو سنبھالے گا اور ثمن سے شادی کرکے عذرا کو منہ توڑ کر جواب دے گا۔