بھارتی فلموں میں پیسے کی ریل پیل کی وجہ سے مہنگے گانوں کا رجحان بھی بڑھتا جارہا ہے، بھارت میں شاہ رخ خان کی فلم کا گانا مہنگا ہونے کے چرچے تھے لیکن رجنی کانت کے ایک گانے پر اتنا پیسہ لگایا گیا کہ اتنے میں پاکستان میں درجنوں فلم بن سکتی ہیں۔
بھارتی فلموں میں گانوں کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، اس لئے ہر پروڈیوسر کی کوشش ہوتی ہے کہ اچھے سے اچھے گانے بنائے جائیں چاہے اس پر کتنا بھی سرمایہ کیوں نہ خرچ ہو۔
بھارتی میڈیا میں شاہ رخ خان کی فلم جوان کا گانا ’زندہ بندہ‘ بالی ووڈ کا سب سے مہنگا ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن رجنی کانت کی فلم کے گانے نے مہنگے ترین گانوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
رجنی کانت کی فلم 2.0 کے گانے ’اندڑا لوگاٹھو سندریائے‘ کی تیاری پر543 کروڑ کا بجٹ لگایا گیا اور یہ گانا اب تک بھارتی سنیما کی تاریخ کا مہنگا ترین گانا ہے۔
سپراسٹار رجنی کانت کی فلم کے اس گانے کیلئے 4 بڑے سیٹ لگائے گئے اور صرف ایک گانے کیلئے 10 دن تک ریکارڈنگ کی گئی، اننتھا سری رام کے لکھے گیت پر میوزک کمپوزیشن اے آر رحمان کی تھی جبکہ اس گیت میں انگلش اداکارہ ایمی جیکسن کو بھی شامل کیا گیا تھا۔