دنیا میں عام طور پر تارکول سے بننے والی سڑکوں کا رنگ سیاہ ہوتا ہے اور بعد میں ان پر سفید اور پیلی دھاریاں بنائی جاتی ہیں لیکن دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں مکمل طور پر نیلے رنگ کی سڑکیں بنائی جارہی ہیں۔
قطر میں کٹارا کلچرل ولیج کے قریب نیلے رنگ کی سڑکی بنائی گئی تھی جس کا مقصد سڑک کو ٹھنڈا رکھنا تھا، یہ منصوبہ کامیاب رہا جس کے بعد شہر کے دیگر حصوں میں بھی مزید سڑکوں کو نیلا پینٹ کیا گیا۔
قطر دنیا کے گرم ترین ممالک میں سے ایک ہے جہاں موسم گرما کا اوسط درجہ حرارت 42 ڈگری تک چلا جاتا ہے اور نیلی سڑکیں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شہری گرمی کے جزیرے کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قطر کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کی یہ نیلی سڑکیں ایک خاص مواد سے بنی ہیں اس کوٹنگ میں گرمی کی عکاسی کرنے والے روغن اور سیرامک مائکرو اسپیئرز شامل ہیں جو سورج کی شعاعوں کو منعکس کرتی ہیں اور سطح کے درجہ حرارت کو 15 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرتی ہیں۔
نیلا پینٹ سورج کی روشنی کو منعکس کرتا ہے، جو سڑکوں کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔نیلی سڑک کے درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے قریبی عمارتوں اور پیدل چلنے والوں پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے۔
قطری حکام کا نیلی سڑکوں کا مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ثقافتی شناخت کو بھی بڑھانا ہے۔ یہ شہر کو رہنے اور کام کرنے کے لیے ایک زیادہ آرام دہ جگہ بنانے میں بھی مدد کرتی ہیں۔