اتفاق و اتحاد میں برکت ہے، طاقت اور عزت ہے، یہ بات بھلے انسانوں کو سمجھ میں آئے نہ آئے لیکن جانوروں کو آگئی ہے، جنوبی افریقہ کے ایک جنگل میں بندروں نے اپنے اتحاد سے طاقتور تیندوے کو دم دباکر بھاگنے پر مجبور کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تیندوے نے بندروں کے گروپ پر حملہ کیا، بندروں نے ڈر کر بھاگنے کی بجائے تیندوے کا مقابلہ کیا ۔ 50 کے قریب بندر متحد ہوکر تیندوے پر ٹوٹ پڑے۔تیندوے نے بات بگڑتی دیکھی تو میدان چھوڑ کر بھاگنے میں ہی عافیت جانی۔
جنوبی افریقا کے ایک جنگل میں تیندوے کی 50 بندروں سے لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے ۔ ایک صارف نے جنوبی افریقا کے کروگر نیشنل پارک میں تیندوے اور تقریباً 50 پر مشتمل بندروں کے گروپ کے درمیان ہونے والے لڑائی کے نظارے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
رکی ڈا فونسیکا نامی سوشل میڈیا صارف کا کہنا ہے کہ ہم ڈرائیونگ کیلئے نکلے اور شیر دیکھنے کے منتظر تھے لیکن جنگل میں تیندوے اور بندروں کی لڑائی نے ہمیں حیران کردیا۔
رکی کا کہنا ہے کہ تیندوا سڑک کے کنارے ٹہل رہا تھا اور بندروں کا گروپ کھیل رہا تھالیکن اچانک تیندوے نے بندروں پر حملہ کردیا لیکن حیرت کی انتہا اس وقت ہوئی جب بندر وں نے ڈر کے بھاگنے کے بجائے تیندوے پر جوابی حملہ کردیا اور تیندوے کو دم دباکر بھاگنے پر مجبور کردیا۔