پانی قدرت کی ایک انمول نعمت ہے، کچھ لوگ اس نعمت کا بے دریغ ضیاع کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ پانی کی قدر و قیمت جانتے ہیں اس لئے پانی کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کرتے، چین کے ایک ہوٹل نے بھی پانی کا ضیاع روکنے کیلئے ایک شاندار اقدام اٹھایا ہے جس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔
انسان تازہ دم ہونے کے لیے نہاتا ہے اور کئی لوگ تو دن میں کئی کئی بار نہاتے ہیں لیکن اگر آپ چین جا رہے ہیں تو بار بار نہانے سے باز رہیں کیونکہ آپ پر اضافی فیس کی صورت میں جرمانہ عائد ہوگا کیونکہ چین کے ایک ہوٹل میں قیام کرنے والوں کو صرف ایک بار نہانے کی اجازت ہے دوسری بار نہانے پر اضافی فیس مقرر کی گئی ہے۔
چینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے ہوٹل میں قیام کرنے والے صارفین سے دو بار نہانے پر اضافی رقم وصولی شروع کر دی ہے۔ہوٹل میں قیام کرنے والوں کو کمرے میں جاتے ہی کسٹمرز کو نوٹس بورڈ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں لکھا ہوتا ہے کہ دوسری بار نہانے پر اضافی پیسے ادا کرنا ہوں گے۔
معاملہ میڈیا میں اس وقت آیا جب ایک چینی خاتون نے سوشل میڈیا پر اس نوٹس بورڈ کی تصویر لگائی۔خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہوٹل میں دو راتوں کے قیام کی بکنگ کرائی تھی مگر جب وہ اپنے کمرے میں گئیں تو یہ نوٹس دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جس پر لکھا تھا کہ دوسری بار نہانے پر اضافی پیسے دینا ہوں گے۔
خاتون کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس پر ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹل نے یہ شرط پانی کا ضیاع روکنے کیلئے عائد کی ہے۔