بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ششی کانت پرجاپتی نے دنیا کا سب سے چھوٹا لکڑی کا چمچہ بنانے کا گنیز ورلڈ بک میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔ مذکورہ چمچ چارچنگ پِن سے بھی چھوٹا نظر آتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ پرجاپتی کے بنائے ہوئے چمچ کی پیمائش 1.6 ملی میٹر (0.06 انچ) ہے جس نے 2 ملی میٹر (0.07 انچ) کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا۔
گنیز نے بتایا کہ اس سے قبل 2022 میں ایک اور بھارتی شہری نورتن پرجاپتی مورتیکر نے چھوٹے چمچ بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ مقابلے کے لیے اہل ہونے کے لیے چمچ معیاری لکڑی کے بڑے چمچے کی نقل ہونا لازمی تھا یعنی اس میں واضح طور پر چمچ کے سرے پر چھوٹا کٹورا اور ہینڈل ہونا ضروری تھا۔
لکڑی کے کئی ننھے ٹکڑوں سے چمچ بنانے کی اجازت کے باوجود پرجاپتی نے ایک دستکاری چاقو اور ایک جراحی کی مدد سے چمچ کو لکڑی کے ایک ٹکڑے سے تراشا۔
ششی کانت نے گنیز کو بتایا کہ لکڑی سے چمچ بنانا کافی آسان ہے لیکن دنیا کا سب سے چھوٹا لکڑی کا چمچ بنانا کافی مشکل کام لگا۔